پیٹرول کی قیمت 1.57 روپے، ڈیزل 84 پیسے فی لیٹر کم کرنے کا اعلان
حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک روپے 57 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 84 پیسے فی لیٹر کم کرنے کا اعلان کردیا۔
وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت ایک روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 102 روپے 40 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 84 پیسے کمی کے بعد 103 روپے 22 پیسے ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرول کی موجودہ قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ
اعلامیے میں کہا گیا کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا ہے اور ان کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔
مٹی کے تیل کی موجودہ قیمت 65 روپے 29 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 62 روپے 86 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
واضح رہے کہ 15 اکتوبر کو حکومت نے ماہ کے باقی ایام کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں یکدم 25 روپے 58 پیسے کا بڑا اضافہ
قبل ازیں 30 ستمبر کو حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سمری مستر کرکے اگلے 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی تھی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا یکم اکتوبر سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 40 پیسے فی لیٹر کم کردی گئی ہے۔