علی گل پیر حادثے کا شکار ہوگئے
کامیڈین و ریپر علی گل پیر حادثے کا شکار ہوکر اپنی ران کی ہڈی تڑوا بیٹھے۔
گلوکار نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں حادثے کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال میں علاج کے دوران لی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنے ساتھ ہونے والے واقعے سے آگاہ کیا۔
گلوکار کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ وہ حادثے کا شکار کیسے ہوئے؟ تاہم انہوں نے اپنے ایکسرے کی تصویر بھی شیئر کی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ان کی ران کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
اداکار و ریپر نے اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ دوسرے لوگوں کی مدد سے چلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
علی گل پیر نے بتایا کہ چند دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد وہ 30 اکتوبر کو گھر جائیں گے تاہم وہ 2 ماہ تک بستر پر ہی رہیں گے۔
ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے مشورہ مانگا کہ وہ خود کو 2 ماہ تک مصروف رکھنے کے لیے کیا کریں؟
یہ بھی پڑھیں: والدہ کو’تاڑنے‘ والے لوگوں کو ’تاڑ‘ کر ’تاڑو ماڑو‘ بنایا، علی گل پیر
اداکار نے اپنی اسٹوریز میں یہ بھی واضح نہیں کیا کہ وہ حادثے کا شکار کب ہوئے اور کیا ان کا ٹریفک حادثہ ہوا یا وہ سیڑھیوں یا عمارت سے گر کر زخمی ہوئے؟
تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ علی گل پیر 25 اکتوبر کے بعد حادثے کا شکار ہوئے ہوں گے، کیوں کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر آخری پیروڈی ویڈیو 25 اکتوبر کو ہی شیئر کی تھی۔
مذکورہ ویڈیو کے بعد اداکار نے سوشل میڈیا پر کوئی بھی پوسٹ شیئر نہیں کی، البتہ انہوں نے حادثے کی اطلاع انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے دی۔
مزید پڑھیں: گانے کے ذریعے علی گل پیر کی علی ظفر پر شدید تنقید
علی گل پیر سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں اور وہ ہر ایک یا دو ہفتوں کے بعد کسی نہ کسی شخصیت کی نقل اتارنے کی ویڈیو شیئر کرتے رہتے ہیں۔
انہیں، ان کی پیروڈی ویڈیوز سمیت ان کے سماجی کامیڈی طنزیہ گانوں کی وجہ سے بھی شہرت حاصل ہے۔
علی گل پیر کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے ایک جاگیردار گھرانے سے ہے تاہم وہ اسلام آباد میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد کراچی سے بھی تعلیم حاصل کی اور یہیں سے اپنے کیریئر کے بطور گلوکار شروعات کی۔
علی گل پیر جب کم عمر تھے تو ان کے والدین کی طلاق ہوگئی تھی اور انہوں نے بچپن اپنی والدہ کے ساتھ گزارا۔