پاکستان

ترکی کا مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی حمایت کا اعادہ

پاک بحریہ میلجم کورویٹ کے تعمیراتی کام کے آغاز وزارت دفاعی پیداوار، پاک بحریہ اور ترک کمپنی کے لیے ایک تاریخی ہے، ترک وزیر

کراچی: ترکی نے مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستانی مؤقف پر کہا ہے کہ ترکی مسئلہ کشمیر اور آذربائیجان تنازع پر پاکستان کے اصولی مؤقف کے ساتھ کھڑا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ بات ترکی کے قومی دفاع کے وزیر خلوصی آقار نے پاک بحریہ کے سیکینڈ میلجم کلاس کورویٹ کے تعمیراتی کام کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب کا انعقاد کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینیئرنگ ورکس (کے ایس اینڈ ای ڈبلیو) میں کیا گیا تھا۔

میلجم کلاس کورویٹس پاک بحریہ کے بیڑے میں سب سے جدید ٹیکنالوجی کے حامل اسٹیلتھ سرفیس پلیٹ فارمز ہیں، یہ جہاز جدید ترین ہتھیار اور سینسرز سے لیس ہیں جس میں سطح سے سطح اور سطح سے فضا میں مار کرنے والے میزائل اور آبدوزوں کو نشانہ بنانے والے ہتھیار اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم شامل ہے۔

اس طرح کے جہازوں کا پاکستانی بحری بیڑے میں شامل ہونا پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ بحرہ ہند خطے میں امن، سیکیورٹی اور طاقت کے توازن میں معاون ہوگا۔

تقریب میں وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی موجود تھے جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر ترکی کے قومی دفاع کے وزیر خلوصی آقار نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: چین کے تعاون سے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 بحال ہوگا، فاروق عبداللہ

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاک بحریہ میلجم کورویٹ کے تعمیراتی کام کے آغاز کو وزارت دفاعی پیداوار، پاک بحریہ اور ترک کمپنی ایم / ایس اسفت اور کے ایس اینڈ ای ڈبلیو کے لیے ایک تاریخی موقع قرار دیا۔

انہوں نے ترکی کی سرکاری دفاعی کمپنی اسفت اور کے ایس اینڈ ای ڈبلیو کے تکنیکی لحاظ سے جدید کورویٹ بنانے کے عزم اور لگن کو سراہا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترکی، مسئلہ کشمیر اور آذربائیجان تنازع پر پاکستان کے اصولی مؤقف کے ساتھ کھڑا ہے۔

دوسری جانب تقریب سے خطاب میں وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے بھی کراچی شپ یارڈ کی کارکردگی کو سراہا اور نشاندہی کی کہ پاکستان کی جہازوں کی مقامی طور پر تیاری کی پالیسی سب سے آگے ہے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ جدید ترین جنگی جہاز کی پاکستان کے اندر ہی تیاری ہوتے دیکھنا خوش آئند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ترکی کے درمیان جدید جنگی جہاز کی تیاری شروع

قبل ازیں کے ایس اینڈ ای ڈبلیو کے ایم ڈی ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا، انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کی کہ کراچی شپ یارڈ حکومت اور پاک بحریہ کے دفاعی شپ بلڈنگ انڈسٹری میں خود انحصاری جیسے طے کردہ اہداف سے پوری طرح آگاہ ہے، انہوں نے زور دیا کہ برادر ملک ترکی کے ساتھ اس طرح کے بڑے منصوبوں کے ذریعے مقامی جنگی جہازوں کی تعمیر اور دوسرے دفاعی اہداف میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

مزید پڑھیں: نئے طیاروں سے نیوی کے فضائی بازو کو مزید قوت ملے گی، نیول چیف

ان کا کہنا تھا کہ کورویٹ کی پاکستان میں تیاری سے مقامی جہاز سازی کی صنعت اور کے ایس اینڈ ای ڈبلیو کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، یہ جہاز نئے جدید بحری جہاز کے معیار کے مطابق اسٹیلتھ فیچر کے ساتھ تیار کیے جارہے ہیں جبکہ دوسرا میلجم کلاس کورویٹ 2024 کی پہلی ششماہی میں پہنچا دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں تقریب میں ایم/ایس اسفت، ترکی کے نمائندوں سمیت استنبول نیول شپ یارڈ، حکومت پاکستان، پاک بحریہ اور کے ایس اینڈ ای ڈبلیو کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔


یہ خبر 26 اکتوبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

پاور ڈویژن میں 30 کھرب روپے کے غلط استعمال ہونے کی نشاندہی

ہولوکاسٹ کی طرح اسلام مخالف مواد پر بھی پابندی لگائی جائے، عمران خان کا زکر برگ کو خط

’برٹنی اسپیئرز کے والد ان کے سرپرست نہ ہوتے تو وہ شادی کرچکی ہوتیں‘