لائف اسٹائل

نیٹ فلیکس کا پاکستانی ورژن لانچ کرنے کے لیے تیار ہیں، فواد چوہدری

ٹیکنالوجی کا کام مکمل ہوچکا ہے، او ٹی ٹی وی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت لانچ کریں گے، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ حکومت پاکستان، اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کا پاکستانی ورژن لانچ کرنے کے لیے تیار ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ہم پاکستان کی پہلی او ٹی ٹی ٹیلی ویژن (نیٹ فلیکس کا پاکستانی ورژن) لانچ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں‘۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس ضمن میں ٹیکنالوجی کا کام مکمل ہوچکا ہے اور ہم نے پاکستان الیکٹرنک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے کہا ہے کہ وہ مواد سے متعلق ہدایات تیار کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اور اس کے ساتھ میں ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسے لانچ کریں گے۔

مزید پڑھیں: نیٹ فلیکس کے مقابلے میں ایپل اور ڈزنی کی اسٹریمنگ سروسز

وفاقی وزیر فواد چوہدری کے مذکورہ اعلان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے کم از کم ہم پاکستان کے مقبول شوز وہاں دیکھ سکیں گے۔

ایک اور صارف نے فواد چوہدری کے اس اعلان کو سراہا۔

علاوہ ازیں ایک اور ٹوئٹر صارف نے کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نیا پاکستان کے وژن کے تحت کام کرنے والی واحد وزارت ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی فلم سازوں اور اداکاروں کی جانب سے بارہا ایک مقامی اور سرکاری سطح او ٹی ٹی پلیٹ فارم کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔

پاکستان میں صارفین کو نیٹ فلیکس، آئی فلیکس سمیت دیگر اسٹریمنگ ویب سائٹس پر رسائی حاصل ہے اور یوٹیوب سمیت مختف اسٹریمنگ ویب سائٹس مختلف آن لائن سیریز بھی جاری کی جارہی ہیں۔

تاہم پاکستان میں اب تک کوئی ایسا آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم موجود نہیں تھا جو مقامی سطح پر پیش کیا گیا ہو۔

یہ بھی پڑھیں: آئی فلیکس پاکستان میں متعارف

یہاں یہ بات بھی مدنظر رہے کہ پاکستان کی 5 اوریجنل آن لائن سیریز کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو پر ریلیز ہوں گی جن میں سے ایک ‘چڑیلز’ کو اگست میں ریلیز کیا گیا تھا۔

غیرملکی ویب پلیٹ فارم پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز ریلیز ہونے پر اکثر افراد کی جانب سے اسی طرح کے پلیٹ فارم کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔

پاکستان کی پہلی حکومتی اسٹریمنگ ویب سائٹ کب شروع ہوگی اور اس پر نشر ہونے والے مواد سے متعلق تاحال کچھ بتایا نہیں گیا۔

فوٹوگرافرز نے زندگی ’سرکس‘ بنادی تھی، جینیفر گارنر

راحت فتح کی آواز میں عدنان صدیقی کا تیار کردہ دعائیہ کلام مقبول

فیس بک کی ’سپریم کورٹ‘ نے کام کا آغاز کردیا