انڈے و ٹماٹر کے ریٹ بتانے والے بلاول اور مریم ہمارے لیڈر بنیں گے؟ آمنہ الیاس
اداکارہ آمنہ الیاس یوں تو سوشل میڈیا پر گوری رنگت کا پرچار کرنے والے اشتہارات اور کریموں کے خلاف آواز بلند کرتی آئی ہیں۔
تاہم اب انہوں نے حالیہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کرکے اپنے سیاسی تنقید نگار ہونے کا ثبوت پیش کردیا۔
آمنہ الیاس نے 20 اکتوبر کو انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ پاکستانی سیاست پر بات کرتی دکھائی دیں۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو میں آمنہ الیاس نے حال ہی میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مزار قائد پر ہونے والے جلسے پر بات کرتی دکھائی دیں۔
آمنہ الیاس کو ویڈیو کے آغاز میں ہی کہتے سنا جا سکتا ہے کہ اب سیاست اور گٹر میں کوئی فرق نہیں رہا۔
یہ بھی پڑھیں: آمنہ الیاس رنگ گورا کرنے والی کریمز کی تشہیر کرنے والی اداکاراؤں پر برہم
اداکارہ ویڈیو میں مزید کہتی ہیں کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر, قائد اعظم محمد علی جناح کی قبر پر جاکر نعرے لگا رہے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو، ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ وہ ایسی عزت دے رہے ہیں قائد کو؟
آمنہ الیاس ویڈیو میں مزید بات کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ کیا وہ اپنے والدین کی قبروں پر جاکر بھی ایسی ہی حرکتیں کرتے ہیں، ایسے ہی مجمع لگاکر شور کرتے ہیں؟
اداکارہ ویڈیو میں مزید کہتی ہیں کہ یہ مریم نواز اور بلاول بھٹو ہمارے لیڈر بنیں گے؟ جو جلسوں میں جاکر انڈوں اور ٹماٹر کے ریٹ بتاتے ہیں؟
ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ یہ حکومت کی غلطی ہے کہ وہ ایسے افراد کے خلاف سخت ایکشن نہیں لے رہی اور جو حکومت اپنے ملک کے بانی کی قبر کی حفاظت نہیں کر سکتی، وہ عوام کی حفاظت کیا کرے گی؟
آمنہ الیاس نے ہاتھ جوڑ کر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے افراد کے خلاف سخت ایکشن لے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی سیاست دان یا عام شخص مزار قائد پر جاکر توہین کی جرات نہ کرے۔
مزید پڑھیں: 'خود کو پہچانو'، آمنہ الیاس کی ایک مرتبہ پھر رنگ گورا کرنے والی کریمز پر تنقید
اداکارہ نے ویڈیو کے آخر میں کہا کہ بانی پاکستان کے مزار کا تقدس پامال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہے۔
اداکارہ کی مذکورہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد کئی افراد نے جہاں ان کی حمایت کی، وہیں کئی افراد نے انہیں یاد دلایا کہ جب ماضی میں مزار قائد پر عمران خان سمیت دیگر سیاستدان نعرے لگاتے تھے تب وہ کہاں تھیں؟
خیال رہے کہ سندھ پولیس نے مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 19 اکتوبر کی صبح کراچی سے مزار قائد کے تقدس پامال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے بتایا تھا کہ ضلع شرقی کے پولیس تھانہ بریگیڈ میں وقاص احمد نامی شخص کی مدعیت میں مزار قائد کے تقدس کی پامالی اور قبر کی بے حرمتی کا مقدمہ درج ہونے کے بعد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
مزار قائد آرڈینس کی دفعہ 6 کی رو سے کسی شخص کو بھی مزار قائد کے اندر اور بیرونی احاطے سے 10 فٹ کے فاصلے تک کوئی اجلاس، مظاہرہ، جلسہ یا کسی قسم کی سیاسی سرگرمی کرنے کی اجازت نہیں ہوتی، تاہم کیپٹن (ر) محمد صفدر نے قائد اعظم کی قبر کے اندر نعرے بازی کروائی تھی۔
بعد ازاں کیپٹن (ر) محمد صفدر کو اسی روز سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیر حسین میمن کی عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں عدالت نے ان کی ضمانت منظور کی تھی، جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔