سونیا حسین نے بھی اپنا یوٹیوب چینل کھول لیا
شوبز شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹس بنانا تو معمول کی بات تھی، تاہم اب شوبز شخصیات اپنے یوٹیوب چینل بھی کھولتی جا رہی ہیں۔
متعدد پاکستانی شوبز شخصیات کی طرح اداکارہ سونیا حسین نے بھی اپنا یوٹیوب چینل کھول کر مداحوں سے رابطے میں رہنے کا نیا ذریعے ڈھونڈ لیا۔
سونیا حسین نے اداکارہ صبا قمر، اقرا عزیز، جویریہ سعود اور دیگر اداکاراؤں کی طرح چند دن قبل ہی یوٹیوب چینل کھولا۔
یہ ویڈیو بھی دیکھیں: سونیا حسین کی منفرد انداز میں ہاتھ دھونے کی ویڈیو وائرل
سونیا حسین نے اپنے یوٹیوب چینل پر 16 اکتوبر کو پہلی ویڈیو جاری کی، جس میں ساتھی اداکار سمیع خان سے ڈرامے کے سیٹ پر باتیں کرتی دکھائی دیں۔
20 منٹ سے کم دورانیے کی ویڈیو میں سونیا حسین نے مداحوں کو بتایا کہ عام طور پر لوگ ڈرامے دیکھتے ہیں یا وہ کیمرے کے ذریعے دکھائے جانے والے مناظر کو ہی دیکھتے ہیں، تاہم وہ مداحوں کو کیمرے کے پیچھے والے مناظر دکھائیں گی۔
اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں ڈرامے کے سیٹ پر ساتھی اداکارسمیع خان سے بات چیت کو ناظرین کو دکھایا کہ کیمرا بند ہونے کے بعد ڈرامے کے سیٹ پر کیا ہوتاہے؟
اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں سمیع خان سے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران وقفے میں بات کی اور بتایا کہ شائقین تک اچھا مواد پہنچانے کے لیے ہدایت کاروں اور لکھاریوں کی طرح اداکاروں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: سونیا حسین کا 'سراب' ذہنی بیماری کی شکار لڑکی کی کہانی
سونیا حسین کی ویڈیو ان کے ڈرامے سراب کے سیٹ پر بنائی گئی تھی، جس میں ڈرامے کے ڈائریکٹر محسن طلعت نے بھی بات کی۔
سونیا حسین اور سمیع خان کا ڈراما سراب رواں برس اگست سے ہم ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے۔
سراب میں سونیا حسین نے ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جو ذہنی بیماری کا شکار ہوتی ہیں۔