سابق پول ڈانسر کا برطانوی وزیراعظم سے قریبی تعلق کا اعتراف
اپنے معاشقوں اور ماضی کے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے خلاف گزشتہ برس نومبر میں ایک پول ڈانسر کو نوازنے کے الزامات کی تفتیش شروع کی گئی تھی۔
گزشتہ برس خبریں تھیں کہ بورس جانسن نے ماضی میں امریکا کی سابق پول ڈانسر و ماڈل کو اس وقت نوازا جب وہ برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر تھے۔
بورس جانسن پر الزام تھا کہ انہوں نے 2014 سے 2016 کے درمیان امریکا کی کاروباری خاتون و سابق ماڈل 35 سالہ جینیفر آرکری کو متعدد طریقوں سے نوازا۔
الزامات کے مطابق بورس جانسن نے لندن کے میئر ہوتے ہوئے امریکی کاروباری خاتون و سابق پول ڈانسر ماڈل کو نوازا تھا۔
رپورٹس تھیں کہ بورس جانسن اور جینیفر آرکری کے درمیان انتہائی قریبی روابط تھے اور وہ 2014 سے 2016 کے درمیان متعدد مرتبہ لندن کا دورہ کر چکی تھیں جبکہ میئر لندن نے ان کی کاروباری کمپنیوں کو بھی فائدہ پہنچایا تھا۔
بورس جانسن پر یہ الزام بھی تھا کہ انہوں نے جینیفر آرکری کے لیے فنڈنگ کرنے سمیت ان کی کمپنیوں کو ایسے سیمینارز میں شرکت کرنے کی اجازت دلوائی جن کے لیے ان کی کمپنی کو نااہل قرار دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: برطانوی وزیراعظم پر سابق پول ڈانسر کو نوازنے کا الزام
علاوہ ازیں خاتون جینیفر آرکری نے کم سے کم اپنے 3 دوستوں کو بتایا تھا کہ ان کے میئر لندن سے انتہائی قریبی تعلقات ہیں۔
یہ رپورٹس سامنے آنے کے بعد برطانوی وزیراعظم نے دو دن بعد ہی ستمبر کے آخر میں ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دے دیا تھا۔
بورس جانسن پر الزامات سامنے آنے کے بعد گریٹر لندن اتھارٹی (جی ایل اے) نے پولیس کو بورس جانسن کے خلاف ماڈل و سابق پول ڈانسر کے معاملے کی تفتیش کا حکم دے دیا تھا۔
بعدازاں امریکی خاتون جینیفر آرکری نے بورس جانسن کی جانب سے تعلقات کی خبروں کو جھوٹا قرار دیے جانے پر افسوس کا اظہار بھی کیا تھا۔
گزشتہ برس بورس جانسن کے خلاف اسی طرح کے ایک اور معاشقے کی تفتیش شروع کردی گئی۔
اب امریکی سابق پول ڈانسر اور ٹیک آنٹرپرینر نے ایک اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان کا بورس جانسن اس وقت قریبی تعلق تھا جب وہ لندن کے میئر تھے۔
برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز'کی رپورٹ کے مطابق ڈیلی میل نے رپورٹ کیا تھا کہ جب خاتون سے پوچھا گیا کہ کیا ان کا بورس جانسن سے افیئر تھا تو انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے یہ کہنے کی ضرورت نہیں کیونکہ ایسا تھا۔
اخبار سے انٹرویو میں جینیفر آرکری نے کہا کہ بورس جانسن جنہوں نے مرینا ویلر سے دوسری شادی کی تھی اس وقت انہوں نے جینیفر کو بہت زیادہ نوازا تھا۔
خیال رہے کہ جینیفر آرکری نے الزامات کے بعد کئی ٹی وی انٹرویوز دیے تھے اور کہا تھا کہ ان کا اور بورس جانسن کا 'بہت خاص تعلق ' تھا تاہم انہوں نے بارہا یہ بتانے سے انکار کیا تھا کہ ان کا برطانوی وزیراعظم سے افیئر تھا یا نہیں۔
بورس جانسن 2008 سے 2016 تک لندن کے میئر رہے اور وہ گزشتہ برس برطانیہ کے وزیراعظم بنے تھے تاہم ڈاؤننگ اسٹریٹ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔
ادھر انڈیپنڈنٹ آفس فار پولیس کنڈکٹ(آئی او پی سی) نے ستمبر 2019 میں ایک اخبار کی رپورٹ کے بعد اس وقت تفتیش شروع کی تھی جب برطانوی وزیراعظم، جینیفر آرکری کے ساتھ قریبی روابط بتانے میں ناکام ہوگئے تھے جنہوں نے سرکاری فنڈنگ اور سرکاری تجارتی دوروں کی مد میں ہزاروں پاؤنڈز وصول کیے تھے۔
بورس جانسن نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے میئر لندن کی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں اور انہوں نے اپنے دور میں کوئی غلط کام نہیں کیا۔
رواں برس مئی میں آئی او پی سی نے کہا تھا کہ بورس جانسن کو مجرمانہ کارروائی کا سامنا نہیں ہوگا۔
یہ معاملہ واچ ڈاگ کو ارسال کیا گیا تھا کیونکہ بورس جانسن بطور میئر، میئر آفس برائے پولیسنگ اینڈ کرائم کے بھی سربراہ تھے جو کمشنر کے مساوی عہدہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیر اعظم کی سابق پول ڈانسر کو نوازنے کے الزامات کی تردید
وزیر اعظم بنتے ہی ان کے معاشقوں کی خبریں سامنے آنا شروع ہوئی تھیں اور خیال کیا جارہا تھا کہ وہ وزیر اعظم ہاؤس میں بھی اپنی گرل فرینڈ 31 سالہ کیری سائمنڈ کو ساتھ رکھیں گے، جن سے ان کے تعلقات گزشتہ کچھ عرصے سے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور پر کیری سائمنڈ اور بورس جانسن کے درمیان 2 برس قبل تعلقات استوار ہوئے اور دونوں کو انتہائی رومانوی انداز میں ملتے دیکھا گیا۔
بورس جانسن کی گرل فرینڈ عمر میں ان سے کم از کم 24 سال کم عمر ہیں اور وہ ابتدائی طور پر ان کی سیاسی جماعت میں کمیونی کیشن افسر کے طور پر 2012 میں شامل ہوئی تھیں۔