گلوکارہ نکی مناج کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش
بولڈ اور متنازع پرفارمنس کی وجہ سے شہرت رکھنے والی امریکی ریپر و گلوکارہ 37 سالہ نکی مناج کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوگئی۔
امریکی شوبز نشریاتی ادارے ای ٹی آن لائن نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نکی مناج کے ہاں پہلےبچے کی پیدائش ایک روز قبل 15 اکتوبر کو ہوئی۔
اس سے قبل قیاس آرائیاں تھیں کہ ممکنہ طور پر نومبر میں گلوکارہ کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
گلوکارہ نے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کی تصدیق اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بھی کی، جس میں انہوں نے اپنے ہاں بچے کی پیدائش پر مبارک باد دینے والے شخصیات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نکی مناج نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کم کارڈیشین سمیت کوئین بی کی جانب سے بچے کی پیدائش پر ملنے والے مبارک باد کے پیغامات کی تصویر بھی شیئر کی اور ساتھ ہی ان کی جانب سے نیک خواہشات پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اپنی پوسٹ میں نکی مناج نے انکشاف کیا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، اداکارہ و گلوکارہ نے تصدیق کی کہ ان کے ہاں 15 اکتوبر کو ہی بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
اس سے قبل جولائی 2020 کے آخر میں انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ہی اپنے اُمید سے ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم اس وقت انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی تھی کہ وہ کتنے ماہ کے حمل سے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلوکارہ نکی مناج امید سے ہیں
نکی مناج نے اکتوبر 2019 میں سادگی سے اپنے دیرینہ بوائے فرینڈ نیتھ پیری سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔
نکی مناج نے شادی کا اعلان اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ایک ایسے وقت میں کیا تھا جب کچھ دن قبل ہی انہوں نے موسیقی کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا مگر پھر انہوں نے اپنا اعلان واپس لیا تھا۔
نکی مناج نے 2007 میں گلوکاری کی شروعات کیں اور آغاز میں ہی نیم عریاں اور انتہائی بولڈ پرفارمنس کی وجہ سے وہ دنیا بھر کے نوجوانوں میں مقبول ہوگئیں تھیں۔
36 سالہ گلوکارہ اب تک 300 سے زائد گانوں میں پرفارمنس کر چکی ہیں اور انہوں نے متعدد عالمی ایوارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔
مزید پڑھیں: متنازع جنسی رجحانات رکھنے والی نکی مناج نے 'شادی' کرلی
نکی مناج نے 6 امریکی میوزک ایوارڈ، 10 بی ای ٹی ایوارڈ، 7 بی ای ٹی ہپ ہاپ ایوارڈ، 4 بل بورڈز ایوارڈ، 4 ایم ٹی وی ایوارڈ، 4 پیپلز ٹین ایوارڈز اور 2 پیپلز چوائس ایوارڈز سمیت کئی ایوارڈز حاصل کیے۔
انہوں نے 2018 تک محض 4 میوزک ایلبم ریلیز کیے تاہم انہوں نے دنیا بھر میں منعقد ہونے والے میوزک کنسرٹس میں بولڈ اور نیم عریاں پرفارمنس کرکے شہرت حاصل کی اور وہ نئی نسل میں انتہائی مقبول گلوکارہ رہی ہیں۔
انہوں نے 2017 میں گنیز ریکارڈ قائم کرنے سمیت بل بورڈ کی فہرست میں سب سے بولڈ ہپ ہاپ گلوکارہ کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔