پاکستان

سندھ کابینہ نے جزائر سے متعلق آرڈیننس واپس لینے تک وفاق سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں بنڈل اور بڈو کے جڑواں جزیروں کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا۔

کراچی: 100 کلوگرام گندم کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 687.50 روپے مقرر کرتے ہوئے سندھ کابینہ نے صدارتی آرڈیننس واپس نہ لینے تک کراچی کے ساحل سے جڑواں جزیروں کے معاملے پر وفاقی حکومت سے کوئی بات چیت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں بنڈل اور بڈو کے جڑواں جزیروں کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر تمام صوبائی وزرا، مشیران، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، ایڈووکیٹ جنرل سلمان طالب الدین اور متعلقہ سیکریٹری موجود تھے۔

کابینہ کے ممبران نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان آئی لینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پیڈا) کے قیام کے لیے پیش کردہ متنازع آرڈیننس کو واپس لے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی گورنر سندھ کو جزائر کے معاملے کا حل نکالنے کی ہدایت

کابینہ کے ارکان نے فیصلہ کیا کہ جب تک متنازع آرڈیننس واپس نہیں لیا جاتا تب تک وفاقی حکومت سے جزیروں پر کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی۔

کابینہ نے اس آرڈیننس کو مقامی ماہی گیروں کے حقوق پامال کرنے، صوبائی حکومت کی اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش قرار دیا۔

کابینہ کے اراکین نے متفقہ طور پر کہا کہ ’ہم اس آرڈیننس کو قبول نہیں کریں گے کیونکہ یہ صوبائی خودمختاری اور مقامی لوگوں کے مفاد کے خلاف ہے‘۔

آٹا 47.87 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا، فوڈ سیکریٹری

کابینہ نے مکمل بحث و مباحثے کے بعد گندم کی قیمت 100 کلو کے تھیلے پر 3 ہزار 687.50 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی تاکہ مل سے پہلے آٹے کی قیمت 9.13 روپے فی کلو ہوسکے۔

سیکریٹری فوڈ نے کابینہ کو بتایا کہ اس وقت صوبہ کی چھ ڈویژنز میں 12 لاکھ 62 ہزار میٹرک ٹن (ملی میٹر) کا گندم ذخیرہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں آٹے کی قیمتیں مستحکم ہیں اور اس کی قیمت 57 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'بنڈل آئی لینڈ کو اسلام آباد نہیں لے جارہے، فائدہ سندھ حکومت کو ہوگا'

وزیر اعلی نے کہا کہ آٹے کی قیمت کو نیچے لانا ہے کیونکہ مارکیٹ میں گندم دستیاب ہے۔

کابینہ نے وزیر خوراک ہری رام کی سفارش پر ملز کو 16 اکتوبر سے گندم جاری کرنے کی منظوری دی۔

باردانہ کے ساتھ 100 کلو آٹے کی قیمت 3 ہزار 687.50 روپے منظور کی گئی، کابینہ کو بتایا گیا کہ گندم کی نئی قیمتوں کے ساتھ آٹے کی فی کلو قیمت میں 9.13 روپے کی کمی آئے گی اور آٹا کی نئی قیمت 47.87 روپے فی کلو تک پہنچ جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ فوڈ کو ہدایت کی کہ وہ مل سے قبل کی سطح پر آٹا کی قیمت میں کمی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کو متحرک کریں اور صوبہ کے عوام کو آٹا قیمت میں کمی کا فائدہ پہنچائیں۔

سی سی پی او لاہور کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر تحقیقات کا آغاز

پشاور کے چڑیا گھر میں زخمی شیرنی ہلاک

سندھ ہائیکورٹ: حکومت کو مردم شماری کے نتائج کی جلد تکمیل کا حکم