فلم ’قائداعظم زندہ باد ’میں فہد مصطفیٰ کے کردار کی پہلی جھلک
فلم ساز نبیل قریشی کی فلم 'قائداعظم زندہ باد' کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن فہد مصطفیٰ نے فلم میں اپنے کردار کی پہلی جھلک مداحوں سے شیئر کی ہے۔
'قائداعظم زندہ باد' میں فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے، اس فلم کی شوٹنگ اگست 2019 کے بعد شروع کی گئی تھی جو رواں برس کے آغاز میں مکمل ہوگئی تھی۔
تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث اب تک فلم کو ریلیز نہیں کیا جاسکا۔
اب اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے مداحوں کو فلم قائداعظم زندہ باد میں اپنے کردار کی جھلک بھی دکھائی ہے۔
فہد مصطفیٰ نے انسٹاگرام پر پولیس یونیفارم پہنے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی لکھا کہ قائداعظم زندہ باد میں ان کے کردار کی پہلی جھلک۔
ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس فلم کا آفیشل ٹیزر جلد سامنے آنے والا ہے۔
فہد مصطفیٰ کی تصویر پر اکثر مداحوں نے ان کی تعریف کی تو کچھ ان کا موازنہ بولی وڈ فلموں ’ دبنگ’ کے سلمان خان اور سنگھم کے اجے دیوگن سے کیا۔
مزید پڑھیں: فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کورونا کے بعد سب سے پہلے ریلیز ہوگی؟
یہاں تک کہ کچھ لوگوں نے اداکار کا مذاق اڑاتے ہوئے انہیں سستا چلبل پانڈے بھی قرار دیا۔
اس فلم میں ماہرہ خان پہلی مرتبہ اداکار فہد مصطفیٰ کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔
'قائداعظم زندہ باد' کی کہانی ایکشن اور کامیڈی پر مبنی ہے، جو ایک پولیس اہلکار کے کردار کے گرد گھومتی ہے۔
یہ نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کی پانچویں فلم ہے، اس سے قبل سامنے آئی چاروں فلموں 'نامعلوم افراد'، 'ایکٹر ان لا'، 'نامعلوم افراد 2' اور 'لوڈ ویڈنگ' میں فہد مصطفیٰ نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔
خیال رہے کہ کورونا کے باعث سنیما کی بندشوں سے فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔
لیکن فلم ساز نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کی خواہش ہے کہ ان کی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ وہ پہلی فلم بنے، جسے کورونا کی وبا کے بعد سینماؤں میں ریلیز کیا جائے۔