دنیا

بھارت: ٹرمپ کی صحتیابی کیلئے 'بھوکا' رہنے والا شہری چل بسا

بسا کرشنا راجو امریکی صدر کے کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے پریشان تھا جس کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوا۔

بھارت کی ریاست تلنگانہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پرستار کئی دن بھوکا رہنے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق ضلع جھنگون کے گاؤں کا رہائشی بسا کرشنا راجو ڈونلڈ ٹرمپ کا پرستار تھا اور جب سے امریکی صدر میں کورونا کی تشخیص ہوئی اس کے بعد سے بسا کرشنا راجو نے کھانا پینا ترک کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا دورہ بھارت

بسا کرشنا کے رشتہ داروں نے بتایا کہ انہوں نے بسا کرشنا کو بہت سمجھانے کی کوشش کی کہ امریکی صدر کورونا سے صحتیاب ہوجائیں گے، لیکن وہ اس خبر سے سخت ذہنی اذیت میں مبتلا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بسا کرشنا نے ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان کا 6 فٹ اونچا مجسمہ بنایا اور اس کی پوجا شروع کردی۔

انہوں نے بتایا کہ بسا کرشنا ہر سال 14 جون کو ٹرمپ کی سالگرہ پر اپنے گھر میں بنائے گئے چھوٹے سے مندر میں ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی پوجا کرتا تھا اور پھل، مٹھائی اور چاکلیٹ بھی بانٹتا تھا۔

گاؤں کے ایک رہائشی نے بتایا کہ بسا کرشنا کی بیوی بچے کی پیدائش کے دوران مر گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ٹرمپ کی دھمکی کے بعد بھارت ملیریا کی دوا برآمد کرنے پر رضامند

گاؤں کے رہائشیوں نے بتایا کہ بسا کرشنا نے مندر کی تعمیر میں تقریباً 14 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے اور رواں برس فروری میں ٹرمپ کی احمد آباد میں آمد پر انہیں دیکھنے کے لیے محض 80 ہزار بھارتی روپے خرچ کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا واحد خواب ٹرمپ سے ملنا تھا لیکن وہ اسے پورا کیے بغیر ہی دنیا سے چلا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اگرچہ گاؤں کے رہائشی ٹرمپ کے مندر کی تعمیر پر بسا کرشنا کا مذاق اڑاتے تھے لیکن کرشنا نے کبھی بھی ان کے تبصروں کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور امریکی صدر کو اپنا 'دیوتا' مان کر ان کی تعریف کی۔

وزیراعظم کی اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی،ناجائز منافع خوری کےخلاف کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت

واشنگٹن کے تھنک ٹینک غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات ظاہر کریں، مائیک پومپیو

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: سندھ کی کے پی کو شکست، سدرن کی سینٹرل پنجاب کے خلاف فتح