پاکستان

پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر کورونا کے باعث انتقال کرگئے

مرحوم سید جعفر شاہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار بھی تھے، رپورٹ

گلگت: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گلگت بلتستان (جی بی) کے صدر اور سینئر سیاست دان سید جعفر شاہ 75 سال کی عمر میں کووڈ 19 کے باعث اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے۔

ڈان اخبار کی رپوٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کووڈ 19 کا شکار ہونے کے بعد انہیں وفاقی دارالحکومت کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 دنوں سے ان کی صحت خراب ہونا شروع ہوئی کیونکہ کورونا وائرس نے ان کے دل اور پھیپھڑوں کو متاثر کردیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سید جعفر شاہ کینسر سے صحت یاب ہوئے تھے۔

خاندانی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ان کی میت کو پیر (آج) اسلام آباد سے گلگت بلتستان لے جایا جائے گا، جہاں انہیں جلال آباد میں موجود ان کے آبائی قبرستان میں دفنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ماڈل علیزے گبول بھی کورونا وائرس کا شکار

سید جعفر شاہ کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ مرحوم نے سوگواران میں ایک بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

یاد رہے کہ سید جعفر شاہ 3 بار شمالی علاقہ جات کونسل کے رکن منتخب ہوئے تھے، انہوں نے 80 کی دہائی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت اختیار کی تھی، 2012 سے 2015 تک پارٹی کے صدر رہے تھے جبکہ 2012 سے 2016 تک گلگت بلتستان سپریم اپیلٹ کورٹ میں جج بھی رہے۔

مزید یہ کہ جج کے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد انہیں 2019 میں گلگت بلتستان میں پارٹی صدر بنادیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نامور اداکار مرزا شاہی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

علاوہ ازیں جعفر شاہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے اُمیدوار تھے جبکہ وزیراعلیٰ کے لیے پارٹی کے مضببوط امیدوار بھی تھے۔

گلگت بلتستان کے گورنر راجا جلال حسین مقپون، نگران وزیر اعلیٰ میر افضل سمیت دیگر نگراں وزرا اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے سینئر سیاست دان کے انتقال پر غم کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کے خاندان سے تعزیت بھی کی گئی۔

مزید یہ کہ سینئر سیاست دان کے انتقال پر پی پی اور پی ٹی آئی کی جماعتوں نے آئندہ 3 روز تک سیاسی سرگرمیاں ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔


یہ خبر 12 اکتوبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

سپریم کورٹ کا وزیراعظم کو انصاف وکلا فورم کی تقریب میں شرکت پر نوٹس

'پاکستان اور نیب اکٹھے نہیں چل سکتے'

لمبی ٹانگوں والی دنیا کی کم عمر ترین لڑکی