کچھ افراد اس طرح کے مواد کے حوالے سے دیگر سے مختلف انداز سے ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔
ویسے تو مکمل جواب تو موجود نہیں کہ کچھ افراد ہارر فلموں کو دیکھنا کیوں پسند کرتے ہیں اور کچھ کو ان سے نفرت کیوں ہوتی ہے۔
مگر اس کی چند ممکنہ وضاحتیں موجود ہیں اور سائنس نے اب تک دریافت کی ہیں۔
ہارر فلموں کے شوقین افراد کا ذہنی تناؤ دیگر سے مختلف ہوتا ہے
جو لوگ ہارر فلموں دیکھنے کے شوقین ہوتے ہیں اس کی ایک وجہ ان کے جسم کا تناؤ کے حوالے سے ردعمل بھی ہوتا ہے۔
انسانوں میں خوف کے موضوع پر تحقیق کرنے والے ایک ماہر مارگی کیر کے مطابق 'جسم میں خوف کی لہر دوڑانے والی فلم دیکھنے والے کی دل کی دھڑکن کو تیز کرتی ہے اور جسم کو یہ احساس دلاتی ہے کہ اسے توانائی کو خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ کے لیے اس سے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، وہ اپنے اندر زندگی کی لہر محسوس کرنے لگتے ہیں، بالکل ایسے جیسی سخت ورزش کی ہو یا کچھ ایسا جس نے جسم کی پوری توجہ حاصل کرلی ہو۔ دیگر افراد کے لیے یہ منفی تجربہ ہوتا ہے، جیسے دہشت کا حملہ، جس میں وہ اپنے جسم پر کنٹرول ختم ہوتے محسوس کرتے ہیں'۔
ہارر فلمیں ناپسند کرنے والے بہت زیادہ حساس ہوتے ہیں
بہت زیادہ حساس افراد کا دماغ اپنے ارگرد کے ماحول سے بہت متحرک ہوکر معمول سے زیادہ ایک ہارمون ڈوپامائن خارج کرنے لگتا ہے، جو اعصابی نظام پر اثرانداز ہوتا ہے۔
اسی طرح یہ افراد دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہمدرد ہوتے ہیں، جس کے باعث وہ پرتشدد یا ہارر فلموں پر اپنے ساتھیوں کے مقابلے مین مختلف نفسیاتی ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔
بچپن کے تجربات بھی اثرانداز ہوتے ہیں
ایسے افراد جن کو بچپن میں مثبت تجربات کا سامنا ہوتا ہے، وہ ہارر فلموں سے زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں، کیونکہ وہ اس طرح کی سرگرمیوں کو پرجوش انداز سے لیتے ہیں۔
مارگی کیر کے مطابق 'اگر والدین کی جانب سے درست مقدار یا انداز کی تفریح کا تجربہ بچوں کو کرایا جائے، مثال کے طور پر اگر انہیں اندازہ ہو کہ حقیقی عفریت کیا ہوتے ہیں، تو ا سے ہارر فلموں کی پسندیدگی یا ناپسند کرنے پر اثرات مرتب ہوتے ہیں'۔
کچھ لوگوں کے لیے یہ دیگر سے جڑنے کا ایک طریقہ
کچھ افراد ہارر فلمیں اس وقت تفریح کا باعث بنتی ہیں جب وہ انہیں اپنے پیاروں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔
مارگی کیر کے مطابق 'یہ ایک حقیقی زبردست اور سماجی تعلق کا تجربہ ہوتا ہے، ہم جانتے ہیں کہ ایسا تعلق جو پرتناؤ حالات میں بنتا ہے، وہ زیادہ دیرپا ہوتا ہے، خاص طور پر ایسے افراد میں جن میں پہلے ایک مثبت تعلق موجود ہو'۔
تو ہارر فلموں دیکھنے کے شوقین ہو یا ان سے دور بھاگتے ہوں، اس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں سے اکثر انسان کے اپنے کنٹرول میں نہیں ہوتیں۔