کھیل

ٹی ٹوئنٹی کپ: بلوچستان نے خیبر پختونخوا کو ہرا دیا، سندھ نے سینٹرل پنجاب کو چت کردیا

بلوچستان نے خیبر پختونخوا کو 6 وکٹوں جبکہ سندھ نے سینٹرل پنجاب کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بلوچستان نے اویس ضیا کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت خیبر پختونخوا کو 6 وکٹوں جبکہ سندھ نے دانش عزیز کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت سینٹرل پنجاب کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔

راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

خیبر پختونخوا کی ٹیم 27 رنز پر ابتدائی دو وکٹیں گنوانے کے بعد مشکلات کا شکار ہوئی تو تجربہ کار بلے باز شعیب ملک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور 44 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس اننگز کی خاص بات شعیب ملک کا ٹی ٹوئنٹی طرز کرکٹ میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنا تھا، وہ پاکستان کے پہلے اور دنیا کے تیسرے بلے باز ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

فخر زمان نے 33 اور صاحبزادہ فرحان نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔

خیبر پختونخوا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز نمائے۔

بلوچستان کے عاکف جاوید نے 2 جبکہ عمر گل، خرم شہزاد، عماد بٹ اور یاسر شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: ناردرن کو پہلی شکست، سندھ بھی ناکامی سے دوچار

ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کے اویس ضیا نے 49 گیندوں پر 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ میں ایک لمحہ ایسا بھی تھا جب بلوچستان کی ابتدائی 4 وکٹیں محض 68 رنز پر گر چکی تھیں۔

اس موقع پر اویس ضیا نے اکبر الرحمٰن کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کی اور بلوچستان کو 17ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اکبر الرحمٰن 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

خیبر پختونخوا کے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ ارشد اقبال اور وہاب ریاض نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاندار بلے بازی پر اویس ضیا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سینٹرل پنجاب کے خلاف سندھ فاتح

ایونٹ کے دوسرے میچ میں سندھ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے ابتدا میں اچھا ثابت ہوا اور کامران اکمل 2 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کپتان بابر اعظم کا ساتھ دینے عبداللہ شفیق کریز پر آئے اور دونوں نے ٹیم کا اسکور 88 تک پہنچایا، اس موقع پر عبداللہ شفیق 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود بابر اعظم نے ہمت نہ ہاری اور 53 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

رضوان حسین 23 اور سعد نسیم 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ قاسم اکرم 16 اور ظفر گوہر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سینٹرل پنجاب نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

مزید پڑھیں: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے ناردرن پاکستان کی ٹیم فیورٹ

ہدف کے تعاقب میں سندھ کا آغاز اچھا نہ تھا اور 53 رنز پر اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔

اس کے بعد اعظم خان نے دانش عزیز کے ساتھ مل کر کچھ مزاحمت کی لیکن 32 رنز بنانے کے بعد اعظم خان، ظفر گوہر کا شکار بن گئے۔

تاہم دوسرے اینڈ پر دانش عزیز کی عمدہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے 32 گیندوں پر 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، حسان خان نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا اور 36 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

سندھ نے 171 رنز کا ہدف آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

سینٹرل پنجاب کے وقاص مقصود نے 3 جبکہ احسان عادل اور ظفر گوہر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

عمدہ بلے بازی پر دانش عزیز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔