پاکستان

اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، ہنڈریڈ انڈیکس میں 998 پوائنٹس کی کمی

اپوزیشن رہنماؤں کےخلاف کرپشن کی کارروائیوں،کورونا کی ممکنہ دوسری لہر کےخدشات مارکیٹ میں منفی رجحان کا باعث ہیں، تجزیہ کار

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی کا رجحان رہا اور بینچ مارک 'کے ایس ای 100 انڈیکس' میں 998 پوائنٹس (2.49 فیصد) کی کمی دیکھی گئی۔

پیر کے روز کاروبار کا آغاز منفی رجحان کے ساتھ ہوا جو آخر تک جاری رہا اور انڈیکس 39 ہزار 72 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 40 ہزار 70 اور کم ترین سطح 38 ہزار 865 پوائنٹس رہی۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 40 کروڑ 99 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 12 ارب 58 کروڑ روپے سے زائد رہی۔

مجموعی طور پر 374 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 34 کی قدر میں اضافہ، 326 کی قدر میں کمی اور 14 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی غیر یقینی کی صورتحال کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی

مارکیٹ میں کمی کے رجحان کے حوالے سے اے کے ڈی سیکیورٹیز کے سینئر مالی تجزیہ کار علی اصغر پوناوالا نے کہا کہ گزشتہ ہفتے سے شروع ہونے والے فروخت کے دباؤ، اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف جاری کرپشن کی کارروائیاں، کورونا وائرس کی ممکنہ طور پر دوسری لہر کی بازگشت اور ایف اے ٹی ایف کے قریب آنے والے اجلاس کے حوالے سے خطرات کی وجہ سے مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار رہی۔

انہوں نے کہا کہ 'خطرات کے بادل' کی وجہ سے سرمایہ کار منافع باندھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی بھی مارکیٹ میں منفی رجحان کا باعث بن رہی ہے۔

نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ کے فارن سیلز کے سربراہ محمد فیضان منشی نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور سیاسی عدم استحکام کو حصص مارکیٹ میں گراوٹ کی وجہ قرار دیا۔