وفاقی حکومت کراچی میں الیکٹرک بسیں چلانے کی خواہاں
کراچی: وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی میں الیکٹرک بسیں چلانا چاہتی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کراچی کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور حکومت بڑے شہر کراچی سمیت اسلام آباد میں الیکٹرک بسیں متعارف کرانے پر غور کررہی ہے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کا مزید کہنا تھا کہ ہم گورنر سندھ کے ذریعے حکومت سندھ کو اس منصوبے کی تجویز دیں گے، مزید یہ کہ وہ خود کراچی کے اگلے دورے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات بھی کریں گے اور ان سے درخواست کریں گے کہ وہ کراچی کی پبلک ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک بسوں پر منتقل کردیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ 'وزیراعلیٰ سندھ کو شہر کے لیے الیکٹرک بسوں کے مسئلہ پر آن بورڈ لیں گے'۔
جمعیت علما اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں نو تشکیل شدہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پیپلزپارٹی شدت پسند جماعتوں کے ساتھ کام کررہی ہے، مزید یہ کہ افسوس کی بات ہے کہ اب پی پی پی ملک میں اپنی سیاست کرنے کے لیے شدت پسند طاقتوں سے مدد لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن مدارس کے طلبہ کے ذریعے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا سوچ رہے ہیں۔
انہوں نے پی ڈی ایم پر ملک میں افراتفری پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس تحریک میں موجود تمام رہنماؤں کا کوئی مستقبل نہیں، یہ صرف بدعنوانی کرنے والے رہنماؤں کا عظیم اتحاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے پاس کوئی اخلاقی اور قانونی جواز نہیں ہے کیونکہ وہ فوج اور عدلیہ کے خلاف باتیں کررہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو ملک سے فرار کرانے میں مدد کی۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ وہ (پی ڈی ایم رہنما) صرف اس لیے تحریک چلانا چاہتے ہیں تاکہ انہیں لُوٹا ہوا پیسہ واپس نہ کرنا پڑے۔
علاوہ ازیں سینیٹ میں قائد ایوان اور پی ٹی آئی کے سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کورونا کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔
اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)کے بلز کی منظوری کے دوران انہوں نے 'سیاسی سودے بازی' کی کوشش کی مگر وہ ناکام ہوئے۔
یہ خبر 5 اکتوبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔