پاکستان

سردیوں میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ہے، وزیراعظم

دیگر ممالک کی نسبت پاکستان پر رب کا خاص فضل رہا ہے لیکن عوام وائرس میں تیزی سے اضافے سے بچاؤ کیلئے منہ ڈھانپ کر نکلیں، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے موسم سرما میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں اور ماسک لازمی استعمال کریں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک کی نسبت پاکستان پر رب کریم کا خاص فضل رہا اور ہم کووڈ 19 کے بدترین اثرات سے محفوظ رہے۔

وزیراعظم نے لکھا کہ تاہم خدشہ ہے کہ سرما میں وبا کی دوسری لہر سر اٹھا سکتی ہے، لہٰذا میری درخواست ہے کہ اس میں تیزی سے اضافے سے بچاؤ کے لیے اچھی طرح منہ ڈھانپ کر نکلیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 632 افراد متاثر، فعال کیسز 9 ہزار سے بڑھ گئے

انہوں نے کہا کہ تمام دفاتر اور تعلیمی ادارے یقینی بنائیں کہ سب ماسک پہنیں۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کا پہلا کیس پاکستان میں 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا۔

جس کے بعد سے اب تک اس وائرس کو ملک میں 7 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصے میں ملک مختلف مراحل سے گزرا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں تعلیمی اداروں، صنعتوں، بازاروں، کھیلوں کے میدانوں سمیت مختلف شعبوں کو بندش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہی نہیں بلکہ جون کے مہینے میں مجموعی صورتحال اس وقت تشویشناک ہوگئی تھی جب یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں۔

تاہم بعد ازاں یہ صورتحال بہتر ہوئی اور اگست کے مہینے میں معمولات زندگی بڑی حد تک بحال ہوگئے۔

ستمبر کے مہینے میں ملک میں 6 ماہ بعد تعلیمی ادارے بھی مرحلہ وار کھل گئے تاہم ستمبر کے وسط کے بعد سے ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد کچھ حد تک بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔

صوبہ سندھ بالخصوص شہر کراچی میں گزشتہ کچھ روز سے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اسی اضافے کو دیکھتے ہوئے شہر قائد کے 7 اضلاع کے مختلف علاقوں میں مائیکر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیس ماسک اور سماجی دوری کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ضروری کیوں؟

اس کے علاوہ حکام کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے شہر میں 100 سے زائد ریسٹورنٹ، تقریباً درجن بھر شادی ہالز کو اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی خلاف ورزی پر بند کردیا گیا۔

یہاں یہ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک سب سے زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہی ہے جہاں کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 50 ہے، جس میں سندھ پولیس کے 3 ہزار 409 جوان بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 14 ہزار 616 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں تاہم ان میں سے 2 لاکھ 98 ہزار 968 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 513 انتقال کر چکے ہیں۔

مسجد الحرام میں 7 ماہ بعد عمرے کی ادائیگی کا آغاز

پاکستان میں کورونا سے مزید 9 مریضوں کا انتقال، فعال کیسز 9 ہزار سے زائد

بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے الیکشن کمیشن قانونی مشکلات کا شکار