کھیل

آسٹریلیا کے ڈیوڈ ہیمپ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ مقرر

ڈیوڈ ہیمپ نے برمودا کی جانب سے 22 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے، بگ بیش میں 2015 سے 2020 تک کوچنگ کی۔

آسٹریلیا کے ڈیوڈ ہیمپ کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ اس سے قبل آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں 2015 سے 2020 کے دوران میلبورن اسٹارز اور وکٹویہ ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ رہے ہیں جبکہ برمودا اور گلیمورگن ٹیم کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔

ڈیوڈ ہیمپ نے 271 فرسٹ کلاس میچوں میں 15 ہزار سے زائد رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں:ویمن کرکٹ: پاکستان آخری میچ میں کامیاب، سیریز ویسٹ انڈیز کے نام

انہوں نے 2006 سے 2009 کے دوران بین الاقوامی کرکٹ میں برمودا کی جانب سے 22 ایک روزہ میچ کھیلے، ایک سنچری اور 4 نصف سنچریوں کی مدد سے 641 رنز بنائے۔

سابق کرکٹر برطانیہ کے لیول فور کے کوالیفائیڈ کوچ ہیں اور مختلف ڈومیسٹک ٹیموں کے ساتھ کوچنگ کا تجربہ رکھتے ہیں۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی قائم مقام سربراہ اور چیف سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہنا تھا کہ ‘ڈیوڈ ہیمپ کے پاکستان ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو خوشی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ڈیوڈ ہیمپ انتہائی تجربہ کار اور خاص کر ویمن کرکٹ کی بہتری کے لیے آگاہی رکھتے ہیں جو ہمارے حکمت عملی کے لیے بہت اہم ہے اور قومی ٹیم کو دنیا کی صف اول کی ٹیم بننے میں مدد ملے گی’۔

عروج ممتاز کا کہنا تھا کہ ‘ڈیوڈ ہیمپ نے آسٹریلیا میں میلبورن اور وکٹوریہ ویمنز ٹیم کے ساتھ 5 سال کام کیا اور اس عہدے کے لیے موزوں ہیں، وہ اپنے تجربے کو ہمارے نظام کی بہتری کے لیے استعمال کریں گے جس سے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو فائدہ ہوگا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ ہماری کھلاڑی ڈیوڈ ہیمپ کے تجربے سے سکھیں گی اور ڈیوڈ جب پاکستان آئیں گے اور نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کوچنگ اسٹاف عتیق الزمان، گرانٹ بریڈبرن، محمد یوسف، محمد زاہد اور ثقلین مشتاق سے ملیں گے تو محظوظ ہوں گے’۔

مزید پڑھیں:پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب

خیال رہے کہ ڈیوڈ ہیمپ سابق کوچ اقبال امام کی جگہ لیں گے جو مارک کلوز کے بعد کوچ بنے تھے۔

پاکستان کی ٹیم اگلے برس آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کوالیفائر میں حصہ لے گی جس کے بعد نیوزی لینڈ میں 2022 میں ورلڈ کپ کھیلا جائے گا۔

پی سی بی نے اس عہدے کے لیے 18 اگست کو اشتہار دیا تھا اور مجموعی طور پر 38 امیدواروں نے درخواست دی تھی جن میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ممالک سمیت دیگر ممالک سے 18 افراد شامل تھے۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے حتمی انٹرویو پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان، عروج ممتاز اور انٹرنیشنل کوچ ڈیولپمنٹ کے سربراہ گرانٹ بریڈبرن نے گزشتہ ہفے لیے تھے۔

نواز شریف کو فوج نے پال کر سیاست دان بنایا، وزیراعظم

لاہور ہائی کورٹ نے پی ایس ایل کے مالی معاملات کے متعلق درخواست نمٹادی

کراچی: انتظار قتل کیس میں ’اہم گواہ‘ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری