'دی لائن کنگ' کا سیکوئل بنانے کا اعلان
والٹ ڈزنی نے 2019 کی لائیو ایکشن ریمیک فلم 'دی لائن کنگ' کا سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا۔
جنگل کے بادشاہ شیر، اس کی بیوی شیرنی اور ان کے ہاں پیدا ہونے والے نئے بچے 'سمبا' کے گرد گھومنے والی کہانی پر مبنی فلم کو ابتدائی طور پر 1994 میں ریلیز کیا گیا تھا۔
'دی لائن کنگ' اس زمانے میں اتنا مقبول ہوئی تھی کہ فلم نے اس زمانے میں بھی ایک ارب ڈالر کی کمائی کی تھی۔
'دی لائن کنگ' فلم کو دیکھ کر دنیا بھر کی کئی نسلیں جوان ہوئیں اور حیران کن طور پر مذکورہ فلم کو دیکھ کر جوانی میں قدم رکھنے والے شخص ہی اب تیسری فلم کی ہدایات دیں گے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈزنی کی 2019 کی لائیو ایکشن فلم 'دی لائن کنگ' کے سیکوئل کی ہدایات آسکر ایوارڈ یافتہ بیری جینکنس دیں گے۔
نئی فلم میں بھی 2019 کی فلم میں استعمال کی گئی فوٹو ریئلسٹک ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، جس سے سیکوئل فلم بھی لائیو ایکشن کی طرح دکھائی دے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’دی لائن کنگ‘ کی زبردست انداز میں واپسی
ہدایت کار بیری جینکنس نے فلم کی ہدایات کے لیے اپنے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ وہ مذکورہ فلم کو دیکھ کر بہن اور بھائیوں کے ساتھ بڑے ہوئے۔
بیری جینکنس کے مطابق وہ جس فلم کو دیکھ کر جوان ہوئے، اب وہ اسی فلم کی ہدایات دیں گے اور یہ بات ان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ والٹ ڈزنی کب تک 'دی لائن کنگ' کے سیکوئل پر کام کا آغاز کرے گا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک فلم کے کام کا آغاز کردیا جائے گا اور ممکنہ طور پر اسے آئندہ سال تک ریلیز کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: 'دی لائن کنگ' کا ریلیز کے ساتھ ہی سینما گھروں پر راج
ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ سیکوئل فلم کی کہانی میں نئے کردار شامل کیے جائیں گے یا نہیں، تاہم امکان ہے کہ فلم کے کچھ نئے کردار بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
پہلی فلم کی کہانی ایک شیر، اس کی بیوی شیرنی اور ان کے پیدا ہونے والے سمبا نامی بچے کے گرد گھومتی ہے اور 2019 میں جاری کی گئی فلم میں بھی سمبا کی پیدائش کو دکھایا گیا تھا۔
اب خیال کیا جا رہا ہے کہ سمبا کو جوان ہوتے یا بادشاہ بنتے دکھایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔