پاکستان

فیشن پاکستان ویک دسمبر میں ہوگا

ملک میں ہر سال موسم بہار اور موسم گرما میں فیشن ویک ہوتے تھے لیکن کورونا کے باعث انہیں مؤخر کردیا گیا تھا۔

کورونا وائرس کے باعث رواں برس موسم بہار اور موسم گرما میں ہونے والے پاکستان فیشن ویکس کو ملتوی کردیا گیا تھا، تاہم اب انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ فیشن ویک کا انعقاد رواں برس دسمبر میں کیا جائے گا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا کے باعث جہاں فیشن شوز کو ملتوی کیا گیا تھا، وہیں فلموں کی شوٹنگ اور نمائش کو بھی مؤخر کرکے سینما ہاؤسز کو بھی بند کردیا گیا تھا۔

تاہم گزشتہ ماہ اگست سے دنیا بھر میں فیشن اور شوبز کی سرگرمیاں سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ شروع ہوچکی ہیں، لیکن اس باوجود پاکستان میں تاحال فیشن کی کوئی بھی سرگرمی شروع نہیں ہوئی۔

حال ہی میں نیویارک اور میلان فیشن ویکس کا بھی انعقاد کیا گیا تھا اور اب فیشن پاکستان کونسل (ایف پی سی) نے بھی اعلان کیا ہے کہ ملک میں فیشن ویک کا انعقاد رواں برس دسمبر میں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فیشن پاکستان ویک میں عروسی ملبوسات کے چرچے

فیشن پاکستان کونسل کی نو منتخب چیئرپرسن فیشن ڈیزائنر ماہین خان نے تصدیق کی کہ فیشن پاکستان ویک (ایف پی ڈبلیو) 2020 کا انعقاد رواں برس 6 اور 7 دسمبر کو کیا جائے گا۔

ماضی میں فیشن پاکستان ویک کا انعقاد 4 سے 5 دن تک کیا جاتا تھا، تاہم اس بار کورونا کے باعث اسے محض 2 دن تک محدود کردیا گیا ہے اور ساتھ ہی اس بار ماضی کے مقابلےملبوسات بھی کم پیش کی جائیں گی۔

ماہین خان کا کہنا تھا کہ اس سال فیشن ویک کے دوران انتہائی کم افراد کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا، جب کہ سماجی دوری پر بھی عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے ماضی میں ہونے والے فیشن ویکس میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت پر کہا کہ فیشن شوز ہر کسی کے لیے نہیں ہوتے اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ فیشن شو کو ایک کاروبار کے طور پر چلائیں اور فالتو افراد کی عدم شرکت کو یقینی بنائیں۔

ماہین خان کے مطابق ان کی پالیسی ہے کہ فیشن شو میں فیشن کو سمجھنے والے افراد، کاروباری ذہنیت رکھنے والے لوگ اور میڈیا سے وابستہ افراد ہی ہونے چاہیے بلکہ میڈیا سے وابستہ زیادہ سے زیادہ افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جائے تو اچھا ہے، تاکہ وہ فیشن شو کی تشہیر کریں۔

مزید پڑھیں: فیش پاکستان ویک میں دیدہ زیب ملبوسات پیش

اس بار دسمبر میں ہونے والے فیشن شو میں خود ماہین خان سمیت ندا اسد ٹپال (ڈیلفی) صدف ملاتیر، زینب چھوٹانی، عاصم جوفا، آسیہ سائل، عبدالصمد، مبشرہ نجم، نوشمین، بشریٰ واحد اور سمیر سین جیسے فیشن ڈیزائنرز کی جانب سے ملبوسات پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

جہاں اس سال فیشن ویک کو 2 دن تک محدود رکھا گیا ہے، وہیں فیشن ڈیزائنرز کو بھی 10 تک نئی ملبوسات پیش کرنے کی اجازت ہوگی اور علاوہ ازیں کیٹ واک کرنے والی ماڈلز کو بھی زیادہ بناؤ سنگھار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ماہین خان کے مطابق کورونا وبا کے باعث اس سال کیٹ واک کرنے والی ماڈلز کو زیورات پہننے سمیت زیادہ میک اپ کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

انگلش براڈکاسٹر نے انسٹاگرام پر اداکارہ جینیفر اینسٹن کا ریکارڈ توڑ دیا

امریکی عدالت نے ٹک ٹاک پرپابندی معطل کردی

گلوکاری کے بعد شہزاد رائے اداکاری کے لیے تیار