پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز 3 لاکھ 7 ہزار سے زائد، 2 لاکھ 93 ہزار صحتیاب
دنیا بھر میں 3 کروڑ سے زائد لوگوں کو متاثر اور 9 لاکھ 60 سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس کی پاکستان میں مجموعی صورتحال بہتر ہے تاہم گزشتہ چند روز سے مختلف حصوں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں کیسز میں کچھ حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اگرچہ یہ اضافہ بہت زیادہ نہیں تاہم حالیہ اعداد و شمار کے مقابلے میں گزشتہ کچھ روز سے کیسز بڑھ رہے ہیں۔
ملک میں اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 7 ہزار 80 ہوچکی ہے جس میں 2 لاکھ 93 ہزار 159 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 430 کا انتقال ہوا ہے۔
آج (22 ستمبر) کی شام تک ملک میں مجموعی طور پر 450 کیسز اور 7 اموات کا اضافہ ہوا تاہم اس میں بلوچستان کے گزشتہ روز کے 105 کیسز بھی شامل تھے جو آج رپورٹ ہوئے۔
خیال رہے کہ پاکستان جو دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال کافی تیزی سے بہتر ہوئی اور یہاں لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں بھی ہٹادی گئی ہیں۔
یہی نہیں بلکہ یہاں کورونا وائرس کے 95 فیصد سے زائد مریض شفایاب ہوگئے ہیں جبکہ حالیہ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے امکانات کم ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سب سے پہلے جو شعبہ بند کیا گیا تھا وہ تعلیم کا تھا، جس کی بڑی وجہ طلبہ کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا تھا۔
ملک میں ابتدا میں اس وائرس کا پھیلاؤ کم تھا تاہم ایک ماہ بعد یعنی اپریل میں کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور مئی میں اس تعداد میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ جون میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی۔
جون میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد رپورٹ ہونے لگیں جس نے ہستپالوں پر دباؤ بھی بڑھا دیا، تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی اور اگست میں یہ مزید بہتر ہوئی جس کے بعد تعلیمی اداروں اور شادی ہالز کے سوا وہ تمام شعبے مکمل طور پر کھول دیے جو کورونا کی وجہ سے بند کیے گئے تھے۔
بعد ازاں ستمبر میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال مزید بہتر ہونے پر تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھول دیا گیا جبکہ شادی ہالز سے بھی پابندیاں ہٹادی گئیں۔
آج 22 ستمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
سندھ
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 194 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 6 اموات ہوئیں۔
اس اضافے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 437 اور اموات 2469 ہوگئی ہیں۔
پنجاب
ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 59 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ان 59 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 98 ہزار 487 ہوگئی۔
اس کے علاوہ ایک فرد کی وفات سے وہاں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 227 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی وبا کورونا وائرس مزید 45 افراد کو متاثر کرگئی۔
اعداد و شمار کے مطابق 45 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہزار 207 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 30 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 30 نئے مریضوں نے وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 513 تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر
پاکستان میں سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 17 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 17 نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 550 ہوگئی۔
صحتیاب
ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور مزید 290 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ان نئے مریضوں کے شفایاب ہونے سے ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 159 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 307080
اموات: 6430
صحتیاب: 293159
فعال کیسز: 7491
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 437 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 98 ہزار 487 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 387 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 499 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 207، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 513 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 550 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال:
سندھ: 2469
پنجاب: 2227
خیبرپختونخوا: 1258
بلوچستان: 145
اسلام آباد: 180
گلگت بلتستان: 82
آزاد کشمیر: 69