کویت: ایک لاکھ 27 ہزار غیرملکی اقامہ سے محروم
کویت کا اقامہ رکھنے والے ایک لاکھ 27 ہزار غیرملکی کورونا وائرس کے باعث آن لائن توسیع کرانے میں ناکام رہے جس کے نتیجے میں وہ اقامے سے محروم ہوگئے۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے باعث کویت نے پروازوں پر پابندی عائد کررکھی ہے اور اقامہ رکھنے والے لاکھوں افراد اپنے ملکوں میں پھنس گئے ہیں۔
کویتی اخبار الرائے کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا کہ 'یہ سب کچھ ان اقامہ ہولڈرز کی وجہ سے ہوا ہے جو توسیع کرانے میں ناکام ہوئے یا پھر اسپانسر یا حکومتی اداروں کا سوچ سمجھ کر کیا ہوا اقدام ہے'۔
مزید پڑھیں:کویت نے پاکستان سمیت 31 ممالک کیلئے کمرشل فلائٹس پر پابندی عائد کردی
حکام کا کہنا تھا کہ 'وزارت داخلہ کی جانب سے غیرملکیوں کو پرمٹ کی آن لائن توسیع جلدی کرانے کی یاد دہانی اور سہولت فراہم کرنے کی پیش کش کے باوجود ان میں سے اکثر نے انسانی بنیادوں پر کے گئے فیصلے سے فائدہ نہیں اٹھایا'۔
حکام کے مطابق اس وقت کویت کا اقامہ رکھنے والے تقریباً 5 لاکھ افراد ملک سے باہر ہیں۔
قبل ازیں کویتی وزارت داخلہ نے حال ہی میں کویت میں موجود غیرملکیوں کے پرمٹ اور ویزوں میں 3 ماہ کی توسیع کردی تھی، جس کا نفاذ یکم ستمبر سے ہوچکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس توسیع کا اطلاق ان افراد پر نہیں ہوگا جن کے پرمٹ کی معیاد یکم ستمبر کے بعد ختم ہوگی اور 31 اگست سے پہلے جن کے پرمٹ کی معیاد ختم ہوگئی تھی ان کے لیے کارآمد ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ 'یکم ستمبر کے بعد بھی اقامے کی معیاد ختم ہونے والے افراد کی تعداد بہت زیادہ ہے انہوں نے توسیع کے لیے رجوع نہیں کیا اور اس چھوٹ سے فائدہ ملنے کی غلطی کررہے ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: کویت میں اذان کے ذریعے لوگوں کو گھروں میں نماز ادا کرنے کی ہدایت
انہوں نے کہا کہ ان افراد کو جرمانہ ادا کرنا پڑے گا کیونکہ یہ اسکیم ان کے لیے نہیں ہے اور اگر پکڑے گئے تو انہیں ملک بدر کیا جائے گا جبکہ مستقبل میں ملک میں داخلے پر بھی پابندی ہوگی۔
یاد رہے کہ کویت کے حکام نے گزشتہ ماہ 32 ممالک پر پابندی عائد کردی تھی جن میں اکثریت اقامہ رکھنے والے افراد کے آبائی ممالک تھے جہاں کورونا کے باعث حالات تشویش ناک ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کویت میں تقریباً 34 لاکھ افراد بیرون ملک سے روزگار کی غرض سے موجود ہیں۔
واضح رہے کہ کویت نے گزشتہ ماہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پاکستان سمیت 31 ممالک کے لیے کمرشل فلائٹس پر پابندی عائد کردی تھی۔
کویت کے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن نے کہا تھا کہ یہ پابندی غیر معینہ مدت تک عائد رہے گی، کویت نے ان ممالک کو وبا کے پھیلاؤ کے حوالے سے 'بڑا خطرہ' قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کی تھی۔
پاکستان کے علاوہ کویت نے جن ممالک کے کمرشل فلائٹس پر پابندی عائد کی ہے ان میں بھارت، مصر، فلپائن، لبنان، سری لنکا، چین، ایران، برازیل، میکسیکو، اٹلی اور عراق کے بڑی تعداد میں شہری کویت میں روزگار کی غرض سے مقیم ہیں جو اس پابندی کے زد میں آئے تھے۔