پاکستان میں کورونا وائرس کے صحتیاب مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد
دنیا بھر کے مختلف ممالک میں مہلک صورتحال اختیار کرنے والے کورونا وائرس کی پاکستان میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک مجموعی کیسز میں سے 96 فیصد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
ملک میں مجموعی کیسز 3 لاکھ 2 ہزار 765 تک پہنچ چکے ہیں جس میں سے 2 لاکھ 90 ہزار 261 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 392 کا انتقال ہوا ہے۔
آج (15 ستمبر) کو ملک میں مجموعی طور پر 579 کیسز اور 9 اموات کا اضافہ ہوا تاہم اس میں خیبرپختونخوا کے گزشتہ روز کے 87 کیسز جبکہ بلوچستان کے 26 کیسز بھی شامل تھے، یہ کیسز آج رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان جو دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال کافی تیزی سے بہتر ہوئی اور یہاں لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں بھی ہٹادی گئی ہیں۔
یہی نہیں بلکہ آج 6 ماہ کے عرصے کے بعد ملک بھر میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار طریقہ کار کے تحت کھول دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سب سے پہلے جو شعبہ بند کیا گیا تھا وہ تعلیم کا تھا، جس کی بڑی وجہ طلبہ کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا تھا۔
ملک میں ابتدا میں اس وائرس کا پھیلاؤ کم تھا تاہم ایک ماہ بعد یعنی اپریل میں کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور مئی میں اس تعداد میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ جون میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی۔
جون میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد رپورٹ ہونے لگیں جس نے ہستپالوں پر دباؤ بھی بڑھا دیا، تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی اور اگست میں یہ مزید بہتر ہوئی جس کے بعد تعلیمی اداروں اور شادی ہالز کے سوا وہ تمام شعبے مکمل طور پر کھول دیے جو کورونا کی وجہ سے بند کیے گئے تھے۔
بعد ازاں ستمبر میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال مزید بہتر ہونے پر تعلیمی ادارے بھی مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا آغاز آج سے ہوگیا ہے۔
آج 15 ستمبر کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز میں 57 اور اموات میں 3 کا اضافہ ہوا۔
سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے 57 مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 97 ہزار 817 ہوگئی۔
اس کے علاوہ 3 اموات نے مجموعی تعداد کو 2 ہزار 220 تک پہنچا دیا۔
سندھ
سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 341 افراد متاثر ہوئے جبکہ 3 افراد جاں بحق ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 591 ہوگئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار 448 ہوچکی ہے جبکہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 642 ٹیسٹ کیے گئے۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 21 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 15 ہزار 962 ہوگئی۔
گلگت بلتستان
ملک کے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں 42 نئے کیسز اور 2 موت کی تصدیق ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں 42 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 269 ہوگئی۔
اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 78 تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر
پاکستان میں سب سے کم متاثرہ حصے آزاد کشمیر میں کورونا کی عالمی وبا مزید 5 افراد کو متاثر کرگئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔
سرکاری پورٹل کے مطابق 5 نئے مریضوں نے کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 462 تک پہنچا دیا۔
اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 66 ہوگئی۔
صحتیاب افراد
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کی سب سے بڑی وجہ لوگوں کا صحتیاب ہونا ہے۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 455 مریض صحتیاب ہوئے جس نے مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد کو 2 لاکھ 90 ہزار 261 تک پہنچا دیا۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 302765
اموات: 6392
صحتیاب: 290261
فعال کیسز: 5774
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 591 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 97 ہزار 817 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 79 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 621 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 962، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 369 اور کشمیر میں 2 ہزار 426 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال:
سندھ: 2448
پنجاب: 2220
خیبرپختونخوا: 1257
بلوچستان: 145
اسلام آباد: 178
آزاد کشمیر: 66
گلگت بلتستان: 78
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔
تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کیے تاہم بعد ازاں صورتحال بہتری کی جانب واپس گامزن ہوئی اور اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔