ہواوے وائے 9 اے پاکستان میں پری آرڈر میں دستیاب
ہواوے کا وائے 9 اے اسمارٹ فون اب پاکستان میں پری آرڈر میں دستیاب ہے جس میں فاسٹ چارجنگ، 64 میگا پکسل بیک کیمرا اور متعدد ایسے فیچرز دیئے گئے ہیں جو اس کے فلیگ شپ میٹ 30 سیریز میں موجود تھے۔
اس فون کو گزشتہ ہفتے پاکستان میں متعارف کرایا گیا تھا اور کمپنی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ فلیگ شپ ڈیزائن کے ساتھ بہترین فیچرز مناسب قیمت میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
تاہم اس وقت قیمت کے بارے میں نہیں بتایا گیا تھا جس کا اعلان اب ہوا اور پری آرڈر میں یہ فون 43 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا جس کے ساتھ ہواوے بینڈ 4 مفت دیا جائے گا جس کی مالیت 8 ہزار روپے ہے۔
اس فون میں بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جو ہالو رنگ ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔
اس سیٹ اپ میں مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ (120 فیلڈ آف ویو)، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرے دیئے گئے ہیں۔
فون میں ای آئی ایس ویڈیو سپورٹ موجود ہے جس سے ہاتھ میں فون کے ذریعے اچھی ویڈیو ریکارڈ کرنے میں مدد مل سکے گی۔
فون کو بیزل لیس رکھنے کے لیے فرنٹ پر 16 میگا پکسل پوپ اپ میکنزم کے ساتھ دیا گیا ہے۔
وائے 9 اے میں 6.63 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے 2400x1080 پکسل ریزولشن کے ساتھ دیا گیا ہے، جبکہ اسکرین ٹو باڈی ریشو 92.02 فیصد ہے جو لگ بھگ بیزل لیس ہی ہے۔
فون کے اندر ہیلیو جی 80 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ای ایم یو آئی 10.1 سے کیا ہے۔
یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ہواوے کے حالیہ فونز کی طرح اس میں بھی گوگل سروسز سپورٹ موجود نہیں بلکہ ہواوے ایپ گیلری سے ایس کو ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے، کمپنی کے مطابق واٹس ایپ کو بھی آسانی سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ فون میں 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں این ایم ایس ڈی کارڈ سے 256 جی بی کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
فون کی ایک خاص بات 4200 ایم اے ایچ بیٹری ہے جس کے ساتھ 40 واٹ سپرچارج ٹیکنالوجی سپورٹ موجود ہے۔
کمپنی کے مطابق 30 منٹ میں بیٹری 70 فیصد تک چارج ہوسکتی ہے اور فل چارج ہونے پر مسلسل سو گھنٹے تک موسیقی سنی جاسکتی ہے یا 9 گھنٹے تک ویڈیوز دیکھی جاسکتی ہیں یا گیمز کھیلی جاسکتی ہیں۔
فنگر پرنٹ ریڈر سائیڈ میں دیا گیا ہے جبکہ ہیڈفون جیک بھی موجود ہے۔
یہ فون پاکستان میں مڈنائٹ بللیک، اسپیس سلور اور سکورا پنک رنگوں میں ہے اور 14 سے 20 ستمبر تک پری آرڈر میں اسے بک کرایا جاسکتا ہے، جس کے بعد یہ مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔