فوارے سے بیلجیئم کے میئر کا دل برآمد
بیلجیئم میں دہائیوں سے مشہور تھا کہ 'فوارے کے نیچے میئر کا دل دفن ہے' اور یہ شہری فسانہ اس وقت سچ ثابت ہوا جب کھدائی کے دوران حقیقت میں دل برآمد ہوا۔
برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ بیلجیئم کے شمال میں واقع شہر ورویئرز کے مشہور اسٹون فاؤنٹین کے مرمتی کام کے دوران اس کے نیچے مدفون یہ دل ملا۔
کھدائی کے دوران دھات سے بنا ایک چھوٹا ڈبہ برآمد ہوا جس میں ایتھانول سے بھرے جار میں میئر پیئرے ڈیوڈ کا دل موجود تھا۔
ورویئرز شہر کے کونسلر میکزمے ڈیگے نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ قدیم یادگار شہری دستاویزت میں موجود ہےکہ فوارے کے نیچے میئر کا دل ہے لیکن اس کے برآمد ہونے تک کوئی اس یقین نہیں رکھتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 'آج لیجنڈ، لیجنڈ نہیں رہے، یہ ایک حقیقت ہے'۔
بیلجیئم کی آزادی کے بعد پیئرے ڈیوڈ اس شہر کے پہلے میئر بنے تھے اور 1839 میں انتقال کے وقت بھی وہ اس عہدے پر موجود تھے۔
پیئرے ڈیوڈ کی موت 1839 میں عمارت سے گرنے سے ہوئی تھی۔
پھر ان کے گھر والوں کی اجازت سے 1883 میں ڈیوڈ کا دل فوارے کے فرش میں دفنایا گیا۔ اس سے قبل یہ دل ایک طویل عرصے تک ایک آرٹ میوزیم میں رکھا گیا تھا
بعدازاں حکام نے ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک فوارہ بنایا تھا اور پیئرے ڈیوڈ کے اہلخانہ کی اجازت سے ان کا دل 1883 میں اس یادگار میں ایک پتھر کے نیچے رکھا گیا تھا۔
ڈبے میں بند یہ دل اب ورویئرز میوزیم آف فائن آرٹس اینڈ سرامکس میں موجود ہے۔
تاہم میئر کے نام سے منسوب فوارے فاؤنٹین ڈیوڈ کی تزئین و آرائش مکمل کے بعد ان کے دل کو واپس اسی جگہ رکھ دیا جائے گا۔