متحدہ ہندوستان میں بچپن گزارنے والی 'گیم آف تھرونز' کی اداکارہ چل بسیں
متحدہ ہندوستان میں اپنا بچپن گزارنے والی برطانوی اداکارہ ڈیانا رگ 82 سال کی عمر میں کینسر کے باعث چل بسیں۔
ڈیانا رگ 1938 میں انگلینڈ کے علاقے ڈونکیسٹر (حالیہ جنوبی یارک شائر) میں پیدا ہوئی تھیں، ان کے والد ریلوے انجنیئر تھے۔
پیدائش کے 8 ویں ہفتے ہی ڈیانا رگ والدین کے ساتھ برطانوی حکومت کے ماتحت چلنے والے متحدہ ہندوستان منتقل ہوگئیں اور انہوں نے اپنا بچپن وہیں گزارا۔
ڈیانا رگ 8 سال تک متحدہ ہندوستان کی ریاست راجستھان میں رہیں اور ان کے والد نے برطانوی حکومت کی ہدایات پر راجستھان میں ریلوے کے نظام کی بہتری کے لیے کام کیا۔
آٹھ سال کی عمر کے بعد ڈیانا رگ کو واپس انگلینڈ بھیج دیا گیا، جہاں انہوں نے تھیٹر و ڈرامے کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد نوجوانی میں ابتدائی طور پر تھیٹر سے ہی کیریئر کا آغاز کیا۔
یہ بھی پڑھیں: 'گیم آف تھرونز' کے اختتام سے مداح مایوس
تھیٹر سے کیریئر کا آغاز کرنے والی ڈیانا رگ نے معروف ٹی وی سیریز 'دی اوینجرز' جاسوس فلم 'جیمز بانڈ' اور شہرہ آفاق ڈرامے 'گیم آف تھرونز' سمیت کئی فلموں، ڈراموں اور تھیٹرز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
شاندار اداکاری کے باعث ڈیانا رگ نے ایمی اور بافٹا سمیت دیگر ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔
طویل العمری کے باعث ڈیانا رنگ گزشتہ چند سال سے گھر تک محدود ہوگئی تھیں، تاہم رواں برس مارچ میں ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کا علاج گھر پر ہی ہو رہا تھا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں ڈیانا رگ کی بیٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 82 سالہ اداکارہ اپنے گھر میں نیند کے دوران ہی چل بسیں۔
ڈیانا رگ کی بیٹی نے بتایا کہ والدہ سوتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملیں اور انہوں نے زندگی کے آخری ایام بیماری کے باوجود ہنسی خوشی گزارے۔
ڈیانا رگ نے 1960 سے قبل ہی اداکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے معروف جاسوس فلم 'جیمز بانڈ' میں جاسوس سے شادی کرکے جاسوس خاتون کا کردار ادا کیا تھا۔
ڈیانا رگ نے 'گیم آف تھرونز' میں اولینا ٹائرل کا کردار ادا کیا تھا، جسے ڈرامے کے اختتام سے قبل ہی ختم کردیا گیا تھا۔
انہوں نے 1960 کے ٹی وی شو 'دی اوینجرز' سے شہرت حاصل کی تھی اور بعد ازاں اسی نام پر فلمیں بھی بنائی گئیں۔
ڈیانا رگ کو اپنے دور کی خوبرو ترین برطانوی اداکارہ بھی مانا جاتا تھا اور ایک دور تھا جب بڑے بڑے اداکار بھی ان آگے پیچھے پھرتے تھے۔
اداکارہ کی موت پر گیم آف تھرونز اور جیمز بانڈ فلم سیریز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے افسوس کا اظہار کیا گیا جب کہ دیگر شوبز شخصیات نے بھی اداکارہ کی موت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعذیت کا اظہار بھی کیا