'جنسی ہراسانی' کے الزامات کے باوجود ایلین ڈیجنرس شو نشر کرنے کی تصدیق
امریکی اداکارہ، ٹی وی میزبان اور کامیڈین 62 سالہ ایلین ڈیجنرس نے تصدیق کی ہے کہ رواں ماہ 18 ستمبر سے ان کے شو کا 18 واں سیزن آن ایئر ہو جائے گا اور وہ شو میں 'جنسی ہراسانی' کے الزامات پر بات کریں گی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ میزبان ایلین ڈیجنرس کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ ان کے شو کا آغاز رواں ماہ کے وسط سے ہوگا اور ابتدائی پروگرامات میں ہی نامور شخصیات پروگرام کی مہمان بنیں گی۔
میزبان نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ شو کے دوبارہ آن ایئر ہونے اور واپس کام پر آنے کے لیے جذباتی ہیں اور وہ وعدہ کرتی ہیں کہ پروگرام میں حال ہی میں سامنے آنے والے 'جنسی ہراسانی' کے معاملات پر بات کی جائے گی۔
ایلین ڈیجنرس کا شو 2003 سے جاری ہے اور انہیں این بی سی نیٹ ورک کے ٹی وی چینلز پر نشر کرنے سمیت متعدد ویب اسٹریمنگ چینلز اور سوشل میڈیا سائٹس پر نشر کیا جاتا ہے۔
ایلین ڈیجنرس شو کا شمار دن میں دیکھے جانے والے سب سے زیادہ شوز میں ہوتا ہے اور ان کے ریئلٹی کامیڈی شو کا اب ساتواں سیزن چل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایلین ڈیجنرس کے شو کے ملازمین کو جنسی ہراساں کیے جانے کا انکشاف
ان کے شو نے 171 ایمی ایوارڈز سمیت کئی ایوارڈز جیت رکھے ہیں اور ان کے شو میں کئی نامور شخصیات شامل ہوچکی ہیں۔
اور رواں ماہ 18 ستمبر سے ان کے شو کا 18 واں سیزن شروع ہوگا، اس بار شو کا سیزن ایک ایسے وقت میں شروع ہوگا جب کہ دنیا میں کورونا کی وبا پھیلی ہوئی ہے اور ساتھ ہی ان کے شو کے پروڈیوسرز پر مرد و خواتین ملازمین کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کے الزامات بھی لگائے گئے ہیں۔
ایلین ڈیجنرس شو کے ساتھ کام کرنے والے کم از کم 4 درجن سابق اور حالیہ ملازمین نے رواں برس جولائی میں شو کے اعلیٰ عہدیداروں پر استحصال کرنے، ناروا سلوک روا رکھے جانے سمیت جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔
مزید پڑھیں: جنسی ہراسانی کے الزامات، ایلین ڈیجنرس شو کے تین پروڈیوسر برطرف
ایلین ڈیجنرس شو کے تمام ملازمین نے اپنی شناخت کو خفیہ رکھنے کی شرط پر بز فیڈ کو بتایا تھا کہ انہیں شو کے پروڈیوسرز اور ہدایت کار استحصال اور جنسی ہراسانی کا نشانہ بناتے رہے۔
الزام لگانے والے ملازمین میں مرد ملازمین بھی شامل تھے اور انہوں نے بھی مرد پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں پر جنسی طور پر ہراساں کرنے اور جنسی استحصال کا نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے تھے۔
ایلین ڈیجنرس شو کے اعلیٰ عہدیداروں پر الزامات لگانے والے زیادہ تر ملازمین کے مطابق انہیں یقین ہے کہ استحصال اور ناروا سلوک سے متعلق ایلین ڈیجنرس کو کوئی علم نہیں ہوگا۔
ایلین ڈیجنرس شو کے ملازمین کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد شو کی پروڈکشن کمپنی وارنر برادرز نے اندرونی تفتیش کا اعلان کیا تھا۔
اور گزشتہ ماہ اگست میں وارنر برادرز کمپنی نے شو کے تین سینئر پروڈیوسرز کو الزامات ثابت ہونے پر برطرف بھی کردیا تھا۔
پروڈیوسرز کے برطرف کیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور پر ایلین ڈیجنرس شو کو غیر معینہ مدت تک آن ایئر کرنے سے روک دیا جائے گا، تاہم اب شو کو نشر کرنے کی تصدیق کردی گئی۔