صحت

وہ 8 نشانیاں جو آپ کو کئی ہفتوں پہلے ہارٹ اٹیک سے خبردار کرتی ہیں

کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہارٹ اٹیک کی اہم ترین علامات کئی ہفتوں یا اس سے بھی پہلے نظر آنے لگتی ہیں؟

احتیاط علاج سے بہتر ہے اور اس آسان اصول کا اطلاق تمام امراض پر ہوتا ہے، خاص طور پر جان لیوا بیماریوں سے تحفظ کے لیے بہت اہم ہے۔

دل کا دورہ جسے عرف عام ہارٹ اٹیک کا کہا جاتا ہے، ایسی ہی جان لیوا بیماری ہے جو بظاہر اچانک کسی کو بھی اپنا شکار بنالیتی ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہارٹ اٹیک کی اہم ترین علامات کئی ہفتوں یا اس سے بھی پہلے نظر آنے لگتی ہیں۔

یعنی جسم ہارٹ اٹیک سے کچھ عرصے پہلے ہی آپ کو خطرے سے خبردار کرنے کی کوشش کرنے لگتا ہے۔

درج ذیل دی گئی ان نشانیوں پر توجہ دینا خطرے سے قبل از وقت آگاہ کرسکتا ہے۔

تھکاوٹ

غیرمعمولی تھکاوٹ چند بڑی نشانیوں میں سے ایک ہے جن سے عندیہ ملتا ہے کہ ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ رہا ہے، مردوں کے مقابلے میں خواتین میں یہ علامت زیادہ رپورٹ ہوتی ہے۔

اس علامت کے دوران جسمانی یا ذہنی سرگرمی تھکاوٹ کا باعث نہیں ہوتی بلکہ اس کی وجہ سمجھ نہیں آتی، خاص طور پر دن کے اختتام پر کچھ کرنا بہت مشکل محسوس ہوتا ہے۔

کئی بار تو یہ کیفیت اتنی شدید ہوتی ہے کہ روزمرہ کے کام جیسے نہانا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔

معدے میں درد

معدے میں تکلیف، خالی یا یٹ بھرنے پر متلی کا احساس، پیٹ پھولنے کا احساس یا بدہضمی بھی ہارٹ اٹیک کی چند عام ترین علامات میں سے ایک ہیں، یہ مردوں اور خواتین دونوں میں نظر آتی ہے۔

ہارٹ اٹیک سے قبل اس علامت کے دوران اچانک معدے میں تکلیف ہوتی ہے، پھر اس میں کمی آجاتی ہے مگر کچھ دیر یا گھنٹوں بعد تکلیف پھر لوٹ آتی ہے، جسمانی تناؤ بدہضمی کی تکلیف کو زیادہ بدتر بنادیتی ہے۔

بے خوابی

بے خوابی یا نیند نہ آنے کو بھی ہارٹ اٹیک یا فالج کے خطرے میں اضافے سے جوڑا جاتا ہے، جو خواتین میں زیادہ عام نشانی ہے۔ بے خوابی کے ساتھ بہت زیادہ ذہنی بے چینی اور غائب دماغی جیسی کیفیات بھی نظر آتی ہیں۔

اس علامت میں سونے میں مشکلات، نیند کو برقرار رکھنے میں مشکل اور علی الصبح بیدار ہونے جیسی کیفیات کا سامنا ہوتا ہے۔

سانس لینے میں مشکل

سانس لینے میں مشکل یا سانس نہ لے پانا کا احساس درحقیقت گہری سانس لینا ناممکن بناتا ہے، یہ مسئلہ عام طور پر مردوں اور خواتین میں ہارٹ اٹیک سے 6 ماہ قبل ہوسکتا ہے، عام حالات میں بھی یہ علامت تقاضا کرتی ہے کہ طبی امداد کے لیے رجوع کیا جائے۔

اس علامت کے دوران ایسا احساس ہوتا ہے کہ ہوا جسم میں مناسب مقدار سے داخل نہیں ہورہی جبکہ سرچکرانے کا مسئلہ بھی ہوسکتا ہے۔

بال ٹوٹنا

بالوں سے محرومی کو بھی امراض قلب کے خطرے کی ایک نمایاں نشانی قرار دیا گیا ہے جو عام طور پر 50 سال سے زائد عمر کے مردوں میں زیادہ عام ہوتی ہے، مگر کچھ خواتین کو بھی اس کا سامنا ہوتا ہے۔

قبل از وقت گنج پن سے بھی جسم میں تناؤ بڑھانے والے ہارمون کورٹیسول کی سطح بڑھنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

دل کی دھڑکن کی رفتار میں تبدیلی

دل کی دھڑکن کی رفتار بہت تیز ہونے پر اکثر ذہنی بے چینی کا بھی سامنا ہوتا ہے، یہ اچانک ہوتا ہے اور کچھ مختلف احساس کے ساتھ ہوتا ہے۔

اگر دل کی دھرکن کی رفتار میں غیرمعمولی تبدیلی ایک سے 2 منٹ تک برقرار رہے اور کوئی کمی نہ آئے، جس کے ساتھ سر چکرانے اور بہت شدید تھکاوٹ کا سامنا ہو، تو فوری طور پر طبی امداد کے لیے رجوع کرنا چاہیے۔

بہت زیادہ پسینے کا اخراج

غیرمعمولی یا بہت زیادہ پسینہ بھی ہارٹ اٹیک کی ایک ابتدائی نشانی ہوسکتی ہے، جو دن یا رات کسی بھی نمودار ہوسکتی ہے۔ یہ علامت مردوں کے مقابلے میں خواتین میں زیادہ عام ہوتی ہے۔

زیادہ پسینے کے ساتھ فلو جیسی علامات، کم درجہ حرارت یا بغیر جسمانی سرگرمیوں کے بھی پسینے کے اخراج کا سامنا اس نشانی میں ہوسکتا ہے، رات کو اس کی شدت زیادہ ہوسکتی ہے یہاں تک کہ بستر کی چادر صبح بھیگی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔

سینے میں تکلیف

مردوں اور خواتین دونوں کو سینے میں تکلیف کا سامنا مختلف انداز سے ہوسکتا ہے، مردوں میں یہ نشانی ہارٹ اٹیک کے خطرے کی اہم ترین ابتدائی علامت مانا جاتا ہے، جس کو کبھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، جبکہ صرف 30 فیصد خواتین کو ہارٹ اٹیک سے قبل اس کا سامنا ہوتا ہے۔

اس نشانی میں سینے کی تکلیف ایک یا دونوں (عام طور پر بائیں ہاتھ میں)، جبڑے کے نچلے حصے، گردن، کندھوں یا معدے تک پھیل کر عدم اطمینان کا باعث بنتی ہے۔

ہارٹ اٹیک کا باعث بننے والی 13 حیران کن وجوہات

ہارٹ اٹیک کی جانب لے جانے والی عام چیزیں

فالج اور ہارٹ اٹیک سے بچانے والی عام عادتیں