وبا کے باعث چینی جنگجو لڑکی کی ’مولان‘ آن لائن ریلیز
ہولی وڈ کی میگا بجٹ لائیو ایکشن تھرلر فلم ’مولان‘ کو بلآخر طویل انتظار اور متعدد بار مؤخر کیے جانے کے بعد 4 ستمبر کو آن لائن ریلیز کردیا گیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ’مولان‘ کو کچھ پابندیوں کے ساتھ 4 ستمبر کو ریلیز کیا گیا۔
فلم کو ڈزنی پلس پر جاری کرتے ہوئے انتباہ جاری کیا گیا کہ فلم 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے نہیں ہے، کیوں کہ ممکنہ طور پر کم عمر بچے فلم کے جنگی مناظر سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
اے پی نے فلم کے ریویو میں لکھا کہ اگرچہ فلم میں کچھ خامیاں تھیں، تاہم اس کے باوجود ’مولان‘ 1998 میں بننے والی پہلی فلم کے مقابلے زیادہ بہتر ہے۔
فلم کی اینیمیشن کی تعریف کرتے ہوئے لکھا گیا کہ جنگ پر مبنی ’مولان‘ میں اینیمیٹڈ مناظر کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ فلم میں قدرتی ماحول دکھایا جائے۔
’مولان‘ کے حوالے سے سی نیٹ نے اپنی تبصرے میں لکھا کہ میگا بجٹ ایشیائی خاتون کی فلم کو دیکھ کر کئی شائقین کو لگا کہ فلم میں اسٹار وارز کی ناکام نقل کرنے کی کوشش کی گئی۔
تبصرے میں اگرچہ فلم کی کہانی کو متاثر کن اور چین کی کہانی پر مبنی فلم میں چینی اداکارہ کے ہونے کی تعریف کی گئی تاہم بتایا گیا کہ فلم کے بعض مناظر ایسے تھے جنہیں دیکھ کر لگا کہ شاید مارول اسٹوڈیو کی سائنس فکشن فلموں کو کاپی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
امریکی میڈیا میں ’مولان‘ کے شائع ہونے والے تبصروں میں بتایا گیا کہ جنگ پر مبنی لائیو ایکشن فلم کی اچھی بات یہ ہے کہ اس میں ایشیائی اداکاروں کو دکھایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ڈزنی پلس نے ’مولان‘ دیکھنے والے افراد سے تقریبا 30 ڈالر اضافی فیس بھی وصول کی۔
ابتدائی طور پر ’مولان‘ کو رواں برس کے آغاز میں ریلیز کیا جانا تھا، تاہم کورونا کی وبا کی وجہ سے اس کی نمائش رواں برس کے وسط تک ملتوی کردی گئی تھی لیکن بعد ازاں فلم کو آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کی وبا کے باعث ’مولان‘ کو آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان
’مولان‘ کو ڈزنی پلس پر 4 ستمبر کو ریلیز کیا گیا، یہ فلم 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مولان‘ کا ریمیک ہے اور یہ فلم چین کی جنگجو خاتون کی بہادری کے گرد گھومتی ہے۔
'مولان‘ لائیو ایکشن کی ہدایات نکی کیرو نے دی ہیں جب کہ اس کی کہانی رک جفا، امنڈا سلور، ایلزبیتھ مارٹن اور لارین ہارنک کی لکھی گئی تاریخی نظم سے لی گئی ہے۔
فلم کی کہانی ’مولان‘ نامی چینی جنگجو لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو چین کی حقیقی جنگجو خاتون تھیں۔
فلم کی کہانی پانچویں صدی میں چین کی مارشل آرٹ کی ماہر اور جنگجو خاتون ’ہوا مولان‘ کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے 25 سال تک مختلف جنگیں لڑیں۔