پاکستان

کشمیر کو اقوام متحدہ کے ایجنڈے سے ہٹایا نہیں جاسکتا، پاکستان

بھارتی نمائندے یا تو خود کو یا پھر اپنی عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں، اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم

پاکستان نے بھارت کو یاد دلایا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کے ایجنڈے سے کشمیر کو نہیں ہٹایا جاسکتا، جو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے بھارتی اقدامات پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ ' سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے کشمیر کو ختم کرنے کا کہہ کر بھارتی نمائندے یا تو خود کو یا پھر اپنے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ایسا ہرگز نہیں ہوگا'۔

منیر اکرم نے کہا کہ سلامتی کونسل کا ایجنڈا قائم کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق طے کیا گیا تھا اور صرف کونسل کے اتفاق رائے سے ہی اسے تبدیل کیا جاسکتا ہے، 'ایک رکن ریاست یک طرفہ طور پر ایجنڈے کو تبدیل نہیں کر سکتی'۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا ایک سال، ملک بھر میں یومِ استحصال منایا گیا

واضح رہے کہ بھارت نے رواں ہفتے کے آغاز میں اقوام متحدہ کے ادارے سے کہا تھا کہ وہ اپنے ایجنڈے سے کشمیر کو ہٹائے تاکہ پاکستان کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس میں اس معاملے کو اٹھانے سے روکا جاسکے جس کا آغاز رواں ماہ کے آخر میں نیو یارک میں ہوگا۔

سلامتی کونسل کی 2019 کی رپورٹ کے بارے میں اپنے بیان میں بھارت نے شکایت کی تھی کہ پاکستان 'کونسل میں فرسودہ ایجنڈا آئٹم پر بات چیت پر زور دیتا ہے' جس کی وجہ سے 'تمام معاملات کو مستقل طور پر کونسل کے ایجنڈے سے ہٹانے کی ضرورت ہے'۔

5 اگست ، 2019 سے جب سے بھارت نے متنازع علاقے کو غیر قانونی طور پر اپنے ساتھ ضم کیا ہے، پاکستان نے چین کے تعاون سے مسئلہ کشمیر کو 3 بار کونسل کے اندر اٹھایا ہے۔

تاہم بھارت کا مؤقف ہے کہ انضمام، جو غیر قانونی، نے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو ختم کردیا ہے اور اس لیے اسے کونسل کے ایجنڈے سے ہٹا دینا چاہیے۔

سلامتی کونسل بھارتی دعوے کو تسلیم نہیں کرتی اور نہ صرف مقبوضہ کشمیر کو ایک حل طلب تنازع کی حیثیت سے پیش کرتی ہے بلکہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دونوں اطراف فوجی مبصرین کو بھی برقرار رکھتی ہے۔

ہر سال سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر کو اپنے ایجنڈے پر 'بھارت اور پاکستان کے سوالات' کے طور پر پیش کرتی ہے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ اسے دونوں ممالک کے درمیان متنازع علاقہ کے طور پر دیکھتی ہے۔

مزید پڑھیں: جموں و کشمیر کی کہانی ایک کشمیری کی زبانی

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز کے سفارتی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ بھارت نے طویل عرصے سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے 'بھارت اور پاکستان کے سوالات' کو ہٹانے کی کوشش کی ہے تاہم اپنی بہترین کوششوں کے باوجود بھارت کو مسلسل ناکامی کا سامنا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے ایک سفارت کار نے بھارتی دعوے کو 'احمقانہ' قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی ایجنڈا آئٹم تب ہی ختم ہوسکتا ہے جب تنازع حل ہوجاتا ہے یا سلامتی کونسل کے 'اتفاق رائے سے فیصلہ ہوتا ہے' کہ اسے اپنے ایجنڈے سے ہٹادیں۔

سفارت کار نے کہا کہ 'جموں و کشمیر تنازع کے معاملے میں یہ واضح طور پر درست نہیں ہے'۔

ایک اور سفارت کار نے کہا کہ 'افسوس کی بات ہے کہ جو ملک سلامتی کونسل میں شامل ہونے کے لیے اتنا بے چین ہے وہ اس کے کام کرنے کے بنیادی قواعد و طریقہ کار سے بھی واقف نہیں ہے'۔

لندن: خواتین کو قتل کے بعد فریزر میں رکھنے والے مجرم کو عمر قید

ملک میں کورونا وائرس کے 398 نئے کیسز، 7 اموات رپورٹ

میسی کا بارسلونا سے راہیں جدا نہ کرنے کا اعلان