کھیل

پاکستان سپر لیگ 2020 کے بقیہ چاروں میچز کی تاریخوں کا اعلان

لیگ کے بقیہ چاروں میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے، میچز کے وقت کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا وائرس کے سبب ملتوی ہونے والے پاکستان سپر لیگ 2020 کے میچز کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

کورونا وائرس کے سبب 17 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا اور اس وقت پلے آف میچز کا انعقاد ہونا باقی تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پی ایس ایل 2020 غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

عالمی سطح پر وبا کے پھیلاؤ کے سبب لیگ کے انعقاد کا فیصلہ نہیں کیا جا سکا لیکن بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور وائرس کے تناظر میں قومی ٹیم کے کامیاب دورہ انگلینڈ کے بعد پی سی بی نے لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

لیگ کے بقیہ چاروں میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے، کوالیفائر اور پہلا ایلیمنیٹر 14 نومبر کو ہو گا۔

اس کے بعد 15 نومبر کو دوسرا ایلیمنیٹر منعقد ہو گا جبکہ فائنل میچ 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اور اب پی ایس ایل بھی ملتوی! چیمپئن بننے کا حقدار کون؟

بورڈ نے بتایا کہ ایونٹ کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے اور میچز کے وقت کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

کورونا وائرس کے سبب لیگ کے چاروں میچز کووڈ پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں گے جس میں تمام کھلاڑی، میچز آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہیں گے۔

پی سی بی کے مطابق ابھی چاروں میچز بند دروازوں میں شائقین کے بغیر کھیلے جانے کا امکان ہے لیکن اس بارے مں حتمی فیصلہ اکتوبر میں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے میچز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی سی بی ابتدا سے ہی میچز کے انعقاد کے لیے پرعزم تھا کیونکہ بورڈ کے خیال میں اس طرح کے ایونٹ کا فاتح ضرور سامنے آنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: ایلکس ہیلز نے زیرگردش خبروں کو غلط قرار دیدیا

ان کا کہنا تھا کہ لیگ کے بقیہ میچوں کا انعقاد اس بات کی بھی تائید ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہو گیا ہے اور دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کے نئے ڈومیسٹک سیزن کا بھی جلد آغاز ہو رہا ہے اور ڈومیسٹک میچوں کا کامیاب انعقاد آئندہ سال فروری اور مارچ میں پاکستان سپر لیگ 2021 کے انعقاد میں معاون ثابت ہو گا۔

واضح رہے کہ لیگ کے بقیہ چار میچوں میں جن چار ٹیموں کا مقابلہ ہو گا ان میں سے صرف پشاور زلمی کی ٹیم پہلے چیمپیئن بننے کا اعزاز رکھتی ہیں جبکہ کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آج تک یہ اعزاز حاصل نہ کر سکی۔

14 نومبر کو کوالیفائر میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا اور اسی دن پہلے ایلی منیٹر میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: 'غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات کے بعد پی ایس ایل مؤخر کی'

15 نومبر کو دوسرے ایلیمنیٹر میں کوالیفائر ہارنے والی ٹیم کا پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم سے مقابلہ ہوگا جبکہ لیگ کا فائنل 17 نومبر کو منعقد ہو گا۔

لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم 14پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کراچی کنگز 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لاہور قلندرز 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

سابق چیمپیئن پشاور زلمی اور دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے یکساں 9 پوائنٹس تھے لیکن بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر زلمی فائنل فور میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل-5 کے فاتح کا فیصلہ، طریقہ کار پر فرنچائزوں میں اختلاف

دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر رہی۔

لیگ کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنر اپ کو 2 لاکھ امریکی ڈالرز ملیں گے۔