پاکستان میں کورونا وائرس کے 529 نئے کیسز، 13 اموات کا اضافہ
دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر جبکہ لاکھوں لوگوں کو ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان میں کیسز دن بدن کم ہورہے ہیں۔
ملک میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 2 لاکھ 96 ہزار 462 ہوگئی ہے جس میں سے 2 لاکھ 80 ہزار 970 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 309 کا انتقال ہوا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج (یکم ستمبر) کو ملک میں کورونا کی اس عالمی وبا کے 529 نئے کیسز اور 13 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 288 مریض صحتیاب ہوگئے، جس میں سندھ کے گزشتہ روز کے 121 کیسز بھی شامل ہیں۔
ملک میں یہ عالمی وبا 7ویں مہینے میں داخل ہوچکی ہے اور گزرے ہوئے 6 ماہ کے دوران اس وائرس کے باعث قوم کو مختلف مراحل کا سامنا کرنا پڑا۔
26 فروری 2020 کو پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد سے تعلیمی اداروں کی بندش اور مختلف معاشی پابندیاں عائد کی گئیں، جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کم کی جاتی رہیں اور اگست میں ملک میں معاشی پابندیاں تقریباً ختم کردی گئی۔
تاہم تعلیمی اداروں کی بندش اب بھی برقرار ہے اور اس پر حتمی فیصلہ 7 ستمبرکو کیا جائے گا۔
اگر ملک میں ان 6 ماہ کو دیکھیں تو جون کا مہینہ وائرس کے حوالے سے سب سے تشویش ناک تھا جہاں یومیہ 6 ہزار کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔
تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی اور اگست میں یہ مزید بہتری کی جانب آگئی۔
آج (یکم ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
سندھ
سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 146 کیسز اور 6 اموات کی تصدیق ہوگئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 146 مریضوں کے بعد مجموعی کیسز ایک لاکھ 29 ہزار 615 تک پہنچ گئے۔
مزید یہ کہ صوبے میں 6 اموات نے مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 409 تک پہنچا دیا۔
قبل ازیں 31 اگست کے اعداد و شمار میں سندھ میں مزید 121 افراد کے متاثر ہونے اور 2 افراد کے انتقال کی تصدیق ہوئی تھی۔
پنجاب
ملک کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں یہ وبا مزید 63 افراد کو متاثر کرگئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے 63 مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 96 ہزار 832 ہوگئی۔
اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال نے اموات کی مجموعی تعداد کو 2 ہزار 199 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 24 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 649 ہوگئی۔
خیبر پختونخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 147 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 36 ہزار 265 ہوگئی۔
صوبے میں منگل کو وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ گزشتہ دنوں سے 2 اموات کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہاں اموات کی مجموعی تعداد 1255 ہوگئی ہے۔
بلوچستان
محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے مزید 20 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار 899 ہوگئی۔
صوبے میں منگل کو بھی وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، یوں بلوچستان میں اموات 141 پر برقرار ہیں۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 7 مریض سامنے آئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے اعداد و شمار کے مطابق گلگت میں مزید 7 مریضوں کی تصدیق کے بعد وہاں کیسز 2 ہزار 903 تک پہنچ گئے۔
آزاد کشمیر
پاکستان میں سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا ایک نیا کیس اور ایک نئی ہلاکت کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں ایک فرد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز 2 ہزار 299 ہوگئے۔
اس کے علاوہ ایک اور فرد کے انتقال سے اموات 63 تک پہنچ گئیں۔
صحتیاب افراد
ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 288 مریض وائرس سے شفایاب ہوئے۔
اس طرح اب تک مجموعی طور پر شفا پانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 970 ہوگئی ہے جو مجموعی کیسز کا تقریباً 95 فیصد ہے۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 296462
اموات: 6309
صحتیاب: 280970
فعال کیسز: 9183
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 615 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 832 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 265 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 889 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 649، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 903 اور کشمیر میں 2 ہزار 299 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال:
سندھ: 2409
پنجاب: 2199
خیبرپختونخوا: 1255
بلوچستان: 141
اسلام آباد: 175
آزاد کشمیر: 63
گلگت بلتستان: 67