پاکستان

'واقعہ کربلا سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے کشمیریوں کو ثابت قدم رہنا چاہیے'

کئی عظیم مسلمانوں نے کربلا سے متاثر ہوکر ظلم، نوآبادیاتی حکمرانی اور ناانصافی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کیا، وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے یوم عاشور (10 محرم الحرام) کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ بہادر کشمیری بدترین جبر و ظلم کے خلاف برسرپیکار ہیں، انہیں کربلا سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ثابت قدم رہنا چاہیے کیونکہ ظلم اور نا انصافی کے خلاف ان کی جدوجہد کامیاب ہو گی اور یہی شہدائے کربلا نے ہمیں دکھایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین، ان کے اہل خانہ اور پیروکاروں کی قربانی نے ہمیں 3 پیغامات دیے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 'انہوں نے ابدیت حاصل کی جنہوں نے ظلم اور نا انصافی کے خلاف ڈٹ کر اپنی جانوں کی قربانی دی، یہ صرف امیر، طاقتور یا تعلیم یافتہ ہونے سے حاصل نہیں ہوتی'۔

مزید پڑھیں: یوم شہدائے کشمیر: عمران خان کا ہندوتوا حکومت کیخلاف 'بہادری سے لڑنے' والے کشمیریوں کو سلام

انہوں نے کہا کہ کئی عظیم مسلمان کربلا سے متاثر ہوئے ہیں اور انہوں نے ظلم، نوآبادیاتی حکمرانی اور نا انصافی کے خلاف کھڑے ہو کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں بھی ظلم و انصافی کے خلاف جدوجہد جاری ہے۔

محرم الحرام ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کا سبق دیتا ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ عاشور یعنی 10 محرم الحرام کو اللہ تعالیٰ نے روزِ اوّل سے ہی خاص شرف بخشا ہے، اس دن تاریخ انسانیت کے بہت سے اہم واقعات رونما ہوئے ہیں، جیسا کہ حضرت آدمؑ کی توبہ قبول ہوئی، حضرت نوحؑ کی کشتی سلامتی سے جودی پہاڑ پراتری، حضرت سیدنا ابراہیم پر آتش نمرود ٹھنڈی ہوئی اور دوسرے خلیفہ حضرت عمر بھی یکم محرم الحرام کو شہادت کے درجے پر فائز ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ حضور کریم ﷺ کے نواسہ حضرت حسین نے اپنے اہلِ بیت اطہار اور رفقائے کار کے ساتھ میدان کربلا میں یومِ عاشور کو شہادت پا کر تاریخ اسلام میں اس دن کو قیامت تک کے لیے خاص بنا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دن نواسہ رسول ﷺ کی شہادت کا عظیم واقعہ ہر سال مسلمانوں کو اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ ظالم اور باطل قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے وقت آنے پر جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں یومِ عاشور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

صدر مملکت نے کہا کہ شہادت امام حسین در حقیقت حق کی فتح، ظالم و جابر کے سامنے ڈٹ جانے اور ایثار و قربانی کا استعارہ ہے۔

کربلا حق کی آواز بلند کرنے کی عظیم مثال ہے، اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ کربلا حق کی آواز بلند کرنے اور اس کے لیے قربانی دینے کی عظیم مثال ہے۔

ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ ہم سب کو امام حسین کی قربانی سے سبق حاصل کرنے کی توفیق دے، سچائی اور ایثار کا جذبہ ہم میں زندہ رکھے۔

انسانیت امام حسین کی قرض دار ہے، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پوری انسانیت امام حسین کی حق اور انصاف کی راہ میں عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ 'ان کی ظلم اور بربریت کے خلاف اللہ پر بھروسے کی مثال پوری عالم انسانیت کے لیے عظیم مثال ہے'۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ عاشور (10 محرم الحرام) انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

اس سلسلے میں ملک کے مختلف علاقوں میں سخت سیکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں جس میں عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کررہے ہیں۔

جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوسوں کی حفاظت کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند کی گئی ہیں اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

ایشیا اور یورپ کے بعد امریکا میں کووڈ 19 سے دوسری بار بیمار ہونے کا پہلا کیس

فوج امریکی انتخابات میں کوئی کردار ادا نہیں کرے گی، جنرل مارک ملی

بابر اعظم کا ٹی20 ٹورنامنٹ کیلئے سمرسیٹ سے معاہدہ