لائف اسٹائل

مشن امپوسبل 7 کے لیے ٹام کروز ایک پل تباہ کرنے کے خواہشمند

فلم کی تیاری کے لیے پروڈکشن ٹیم کو ٹام کروز کے ہاتھوں ایک تاریخی پل کو تباہ کرانے کے لیے 'مشن امپوسبل' کا سامنا ہے۔

فلم سیریز مشن امپوسبل اداکار ٹام کروز اور ان کے دنگ کردینے والے اسٹنٹس کے لیے جانی جاتی ہے، جس میں اکثر ناممکن قسم کے کاموں کو کرتے دکھایا جاتا ہے۔

مگر اب اس فلم کی تیاری کے لیے پروڈکشن ٹیم کو بھی ایک عجیب 'مشن امپوسبل' کا سامنا ہے اور وہ ہے ایک قصبے کے تاریخی پل کو ٹام کروز کے ہاتھوں تباہ کرانے کے لیے وہاں کے رہائشیوں کو قائل کرنا۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق یورپی ملک پولینڈ کا ایک قصبہ میں پروڈکشن ٹیم کو ناممکن نہیں تو انتہائی مشکل مشن کا سامنا ضرور ہے، کیونکہ اسے صوبہ سیلیزیا کے قصبے ولین کے رہائشیوں کو قائل کرنا ہے کہ وہ ٹام کروز کو وہاں کے ایک متروک ٹرین برج کو اڑانے دیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'مشن امپوسبل 7' کی شوٹنگ کورونا وائرس کے باعث معطل

رواں سال جنوری فلم کی لوکیشن ٹیم ولین پہنچی تاکہ وہ مشن امپوسبل 7 کے لیے ایک پل کو تباہ (جزوی طور پر) کرنے کے لیے اجازت حاصل کرسکے۔

اس فلم کی شوٹنگ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں کئی ماہ سے معطل تھی اور اب ستمبر میں اس کا آغاز ہورہا ہے اور جن ممالک میں شوٹنگ ہوگی، اس میں سے ایک پولینڈ بھی ہے۔

شوٹنگ کے آغاز پر پروڈکشن ٹیم اس حوالے سے پرامید ہے کہ وہ اس پل کے حصے کو تباہ کرسکیں گے جس کی مقامی رہائشیوں کی جانب سے مخالفت کی جارہی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پل کو 2016 میں متروک قرار دیا گیا کیونکہ گزرے برسوں میں یہ بتدریج شکستہ حالی کا شکار ہوتا گیا تھا۔

دوسری جانب پولینڈ کے ڈپٹی ثقافتی وزیر پال لیوانڈسکی کا کہنا ہے کہ اس پل کو قومی یادگار کا درجہ حاصل نہیں جبکہ فلم کے دوران اسے کم از کم حد تک تباہ کیا جائے گا اور پورا پل متاثر نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشن امپوسبل 7 کی عکسبندی سے پولینڈ کی معیشت کو سیاحت میں اضافے کی شکل میں فائدہ ہوگا جبکہ اس پل کی تعمیر نو بھی فلم کی پروڈکشن سے ملنے والے فنڈزز سے ہوسکے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فنڈز کے بغیر یہ پل مسلسل تباہ حالی کا شکار ہوتا رہے گا اور موجودہ حالت میں اس پر سے گزرنا ہر ایک کے لیے خطرہ ہے۔

ٹام کروز کی ستمبر میں پولینڈ میں آمد متوقع ہے جبکہ وہاں فلم کی شوٹنگ اگلے سال اپریل میں ہونی ہے، مگر اب تک اس پل کے حوالے سے تنازع حل نہیں ہوسکا ہے۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے ہی یہ رپورٹس سامنے آئی تھی کہ مشن امپوسبل کے ایک سین کو شوٹ کرنے کے دوران ناکامی پر فلم ساز کو 44 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

'مشن امپوسبل 7' کی شوٹنگ حال ہی میں برطانیہ میں اس وقت شروع کی گئی تھی جب وہاں پر کورونا کیسز میں کمی دیکھی گئی تھی اور فلم کی ٹیم گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ایک سین کی شوٹنگ کے لیے سیٹ تیار کرنے میں مصروف تھی۔

برطانوی اخبار دی سن کے مطابق 'مشن امپوسبل 7' کا ایک مہنگا اور خطرناک ترین سین ریاست انگلینڈ کے علاقے آکسفورڈشائر کے جنگلات میں شوٹ کیا جانا تھا، جس کے لیے فلم کی ٹیم نے 6 ہفتوں کی مسلسل محنت اور کروڑوں روپے کے اخراجات سے سیٹ تیار کیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ سین کے لیے جنگلات میں مہنگے سامان سے ایک پل تیار کیا گیا اور وہاں پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے موٹر سائیکلوں کو پہنچایا گیا تھا۔

تاہم جب فلم کی ٹیم نے مذکورہ سین کو منصوبے کے تحت شوٹ کرنا شروع کیا تو شوٹنگ کے عین درمیان اچانک موٹر سائیکل کے ٹائروں میں آگ لگ گئی اور پورا سیٹ خراب ہوگیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ موٹر سائیکل پر اسٹنٹ کرنے والے اسٹنٹ مین کو بڑی مہارت سے زخمی ہونے سے بچا لیا گیا اور جیسے ہی موٹر سائیکل میں آگ لگی تو اسٹنٹ مین کو رسیوں کی مدد سے اٹھالیا گیا اور موٹر سائیکل سیٹ سے کچھ فاصلے پر جاکر گری۔

مذکورہ سین کے لیے جہاں فلم کی ٹیم نے کئی ہفتوں تک محنت کی، وہیں موٹر سائیکل کی خریداری، اسے مذکورہ جگہ پر پہنچانے، اسٹنٹ مین کی فیس اور سین کے لیے بنائے گئے سیٹ کی تیاری پر کم از کم 20 لاکھ پاؤنڈ خرچ ہوئے تھے۔

مذکورہ سین کے لیے 26 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد کا خرچ آیا جو پاکستانی 44 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

مزید پڑھیں : کورونا کے باوجود ٹام کروز سینما پہنچ گئے، مداحوں کو بھی آنے کی اپیل

مذکورہ سین کی ناکام شوٹنگ کے بعد فلم کی شوٹنگ ایک بار پھر منسوخ کردی گئی اور اب خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ بعد دوبارہ مذکورہ سین کو شوٹ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

یہ فلم ٹام کروز کی ایکشن سیریز 'مشن امپوسبل' کی ساتویں فلم ہے، اس سیریز کی چھٹی فلم 2018 میں ریلیز کی گئی تھی اور اس کی شوٹنگ کے دوران بھی کئی خطرناک مناظر کے دوران خود ٹام کروز بھی زخمی ہوگئے تھے۔

اس سیریز کی پہلی فلم مشن امپاسیبل کے نام سے 1996 میں آئی تھی، دوسری چار سال بعد سال 2000، تیسری 2006، چوتھی 2011، پانچویں فلم 2015 میں اور چھٹی فلم 2018 میں 'مشن امپاسیبل: فال آؤٹ' کے نام سے ریلیز کی گئی تھی۔

سیریز کی ساتویں فلم مین ٹام کروز کے ساتھ اداکارہ ونیسا کربی، ہائلے ایٹویل، سائمن پیگ اور ہینری زیمی سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

ٹام کروز شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے

ٹام کروز شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے

'2 سال تک ایک اسٹنٹ کی تیاری کرتا رہا'