پاکستان

کورونا وبا: ملک میں 2 لاکھ 75 ہزار 836 مریض صحتیاب، فعال کیسز 11 ہزار رہ گئے

آج شام تک پاکستان میں کورونا وائرس کے 530 نئے مریض اور 10 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 519 شفایاب ہوگئے۔
|

دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں کو ہلاک کرنے والے مہلک نوول کورونا وائرس کی پاکستان میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔

ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں کیسز کی تعداد میں کمی جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اب تک 94 فیصد مریض اس وائرس سے شفایاب ہوچکے ہیں۔

ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 130 ہے جس میں سے 2 لاکھ 75 ہزار 836 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 244 کا انتقال ہوا ہے۔

آج (23 اگست) کی شام تک پاکستان میں 530 نئے مریض اور 10 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 519 شفایاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کو تقریباً 6 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران پاکستانی قوم کو مختلف مراحل کا سامنا کرنا پڑا۔

26 فروری 2020 کو پاکستان میں پہلے کیس کے بعد سب سے پہلے تعلیمی اداروں کی بندش کی گئی جس کے بعد لاک ڈاؤن کی شکل میں معاشی و دیگر پابندیاں سامنے آئیں۔

تاہم مارچ کے مہینے میں وبا کے کیسز کی تعداد کم تھی جو اپریل میں بڑھنا شروع ہوئی اور مئی میں اس میں کافی تیزی آگئی جس کے بعد جون کا مہینہ تمام صورتحال کو تبدیل کرگیا۔

جون میں یومیہ کیسز 6 ہزار سے زائد اور اموات 100 سے تجاوز کرنے لگیں تاہم جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہوئی۔

جس کے بعد یومیہ کیسز کی تعداد اور اموات بھی کم ہوئیں جبکہ اگست میں صورتحال کافی بہتر ہوگئی اور پھر ملک میں لگی تمام پابندیاں کافی حد تک ختم ہوگئیں تاہم تعلیمی ادارے تاحال بند ہیں۔

آج 23 اگست کو کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح رہی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 319 کیسز اور 9 اموات کی تصدیق ہوئی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 284 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 9 اموات کی تصدیق کی گئی جس نے مجموعی اموات کو 2 ہزار 367 تک پہنچا دیا۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں اس عالمی وبا کے 121 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان نئے کیسز کے بعد وہاں تعداد 96 ہزار 178 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 21 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 21 مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 493 تک جاپہنچی۔

گلگت بلتستان

ملک کے دوسرے نمبر پر کم متاثرہ علاقے میں مزید 19 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک کا انتقال ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق 19 افراد کے متاثر ہونے سے وہاں کیسز 2 ہزار 657 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرنے سے اموات کی تعداد 64 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 4 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعداد 2 ہزار 245 تک پہنچ گئی۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 46 افراد متاثرین ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 35 ہزار 766 ہوگئی ہے۔

صوبے میں کورونا سے متعلق حوصلہ افزا خبر یہ ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور فعال کیسز کی تعداد بھی ایک ہزار 115 رہ گئی ہے۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اب تک مجموعی مریضوں میں سے 94 فیصد شفا پاچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 519 مریض صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 75 ہزار 836 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 293130

اموات: 6244

صحتیاب: 275836

فعال کیسز: 11004

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 284 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 178 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 766 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 507 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 493، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 245 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 657 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2367

پنجاب: 2188

خیبرپختونخوا: 1248

بلوچستان: 141

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 61

گلگت بلتستان: 64

کورونا کے باعث احد رضا میر کا ’ہیملیٹ‘ ایک سال تک مؤخر

سربراہ پاک بحریہ کا عدالت میں سیلنگ کلب کی تعمیر کا دفاع

وفاق-سندھ رابطہ کمیٹی کی بیٹھک، کراچی میں نالوں سے 'غیرپختہ تجاوزات' ہٹانے کا فیصلہ