کھیل

انگلینڈ کےخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی اسکواڈ میں سرفراز اور عامر کی واپسی

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے میچز 28، 30 اگست اور یکم ستمبر کو اولڈ ٹریفورڈ اور مانچسٹر میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے میچز 28، 30 اگست اور یکم ستمبر کو اولڈ ٹریفورڈ اور مانچسٹر میں کھیلے جائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، شاداب خان، حیدر علی، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد عامر، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد رضوان، سرفراز احمد، نسیم شاہ اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تیسرا ٹیسٹ: پاکستان کیخلاف انگلش ٹیم چار وکٹیں گنوا بیٹھی

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بھی تقریباً اسی اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے جو گزشتہ کئی ماہ سے محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل، انڈر 19 اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے نوجوان بلے باز حیدر علی اور نسیم شاہ کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تجربہ کار فاسٹ باؤلرز محمد عامر اور وہاب ریاض کے علاوہ سرفراز احمد اور فخر زمان کی بھی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: ارطغرل پاکستانی ٹیم کیلئے تحریک کا باعث بن رہا ہے، اظہر علی

مصباح الحق نے کہا کہ عمومی طر پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹرز کو ایک دوسرے کے ساتھ کم وقت گزارنے کو ملتا ہے، تاہم کورونا وائرس کے باعث پاکستان سے تقریباً ایک ساتھ پرواز کے سبب محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے یہ کرکٹرز کچھ عرصے سے ایک ساتھ ٹریننگ کر رہے ہیں، لہٰذا انہیں بھی انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگی کا اچھا موقع ملا ہے۔