پاکستان

شاہد آفریدی خیبرپختونخوا میں 15 سال سے بند لائبریری کی بحالی کیلئے پُرعزم

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے یہ اعلان ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے توجہ دلانے کے بعد کیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے خیبرپختونخوا میں 15 برس سے بند لائبریری کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شاہد آفریدی کی جانب سے یہ اعلان ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے توجہ دلانے کے بعد کیا گیا۔

شہری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں نشاندہی کی تھی کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کی واحد لائبریری کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی ہے اور اس کی بحالی کے لیے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کی واحد لائبریری کو 15 سال سے بند دیکھنا انتہائی افسوسناک ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور تعلیم ان کی ترقی کے لیے اہم ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ میں اپنی فاؤنڈیشن کی مدد سے اس لائبریری کی بحالی کو یقینی بناؤں گا۔

جس کے بعد اُمید کی جارہی ہے کہ اس لائبریری کو دوبارہ کھولا جائے گا اور عوام ذمہ دارانہ طریقے سے اسے استعمال کریں گے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل برازیلین نژاد سوئس ناول نگار پاؤلو کویلہو نے 17 اگست کو اپنی ایک ٹوئٹ میں پاکستانی ویب سائٹ کی خبر شیئر کرتے ہوئے دنیا بھر کے لوگوں کو اپیل کی تھی کہ وہ پاکستان کے پسماندہ ترین صوبے بلوچستان کتابیں بھیجیں۔

شہرت یافتہ ناول نگار، ڈراما نگار، مصنف اور نغمہ نگار کی جانب سے مذکورہ ٹوئٹ پر نہ صرف پاکستانی لوگ بلکہ دنیا بھر کے دیگر لوگ بھی حیران رہ گئے تھے۔