جنسی ہراسانی کے الزامات، ایلین ڈیجنرس شو کے تین پروڈیوسر برطرف
امریکی اداکارہ، ٹی وی میزبان اور کامیڈین 62 سالہ ایلین ڈیجنرس کے شو کے پروڈیوسرز و دیگر اعلیٰ عہدیداروں پر جنسی ہراسانی، نسلی تعصب اور ذہنی اذیت دینے والے ماحول کی شکایت کے بعد انتظامیہ نے تین سینئر پروڈیوسرز کو برطرف کردیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دی ایلین ڈیجنرس شو کو پروڈیوس کرنے والے پروڈکشن ہاؤس وارنر برادرز کے ترجمان نے 17 اگست کو تصدیق کی کہ تین اعلیٰ عہدیداروں کو پروگرام سے الگ کردیا گیا۔
وارنر برادرز نے برطرف کیے گئے پروڈیوسرز کے نام اور تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ تینوں پروڈیوسرز کو پروگرام سے الگ کردیا گیا۔
وارنر برادرز کی جانب سے تینوں پروڈیوسرز کو ایک ایسے موقع پر برطرف کیا گیا جب کہ ایک دن قبل ہی ایلین ڈیجنرس نے اپنے شو کے ملازمین سے معافی مانگی تھی۔
ایلین ڈیجنرس نے 17 اگست کو اپنے شو کے ملازمین سے ویبنار کے ذریعے خطاب کے دوران ان سے کام کی جگہ پر اذیت ناک ماحول پر معذرت کی اور اعتراف کیا کہ وہ اچھی انسان نہیں ہیں۔
ایلین ڈیجنرس نے 17 اگست سے قبل بھی ملازمین سے ایک اندرونی خط کے ذریعے معافی مانگی تھی اور ملازمین سے وعدہ کیا تھا کہ وہ شو کے ماحول کو بہتر بنائیں گی۔
شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق ایلین ڈیجنرس نے گزشتہ ماہ 30 جولائی کو اپنے شو کے ملازمین سے اندورنی طور پر لکھے گئے ایک خط کے ذریعے معذرت کی تھی اور کہا تھا کہ وہ ایسے ماحول سے بے خبر تھیں۔
ایلین ڈیجنرس شو کے سابق ملازمین نے گزشتہ ماہ جولائی میں بزفیڈ سے بات کے دوران شو کے پروڈیوسرز اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں پر جنسی ہراسانی، نسلی تصب برتنے اور ذہنی اذیت دینے والے ماحول بنانے کے الزامات لگائے تھے۔
ایلین ڈیجنرس شو کے کم از کم 4 درجن ملازمین نے اعلیٰ عہدیداروں پر استحصال کرنے، ناروا سلوک روا رکھے جانے سمیت جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے، تاہم کسی بھی ملازم نے براہ راست میزبان ایلین ڈیجنرس پر الزام نہیں لگایا تھا۔
بزفیڈ کے مضمون میں بتایا گیا تھا کہ ایلین ڈیجنرس شو کے اعلیٰ عہدیداروں پر الزامات لگانے والے زیادہ تر ملازمین کے مطابق انہیں یقین ہے کہ استحصال اور ناروا سلوک سے متعلق ایلین ڈیجنرس کو کوئی علم نہیں ہوگا۔
سابق ملازمین کی جانب سے شو کے اعلیٰ عہدیداروں پر الزام لگائے جانے کے بعد وارنر برادرز نے تفتیش شروع کردی تھی اور شو کے کام کی جگہ پر تبدیلیاں بھی متعارف کرائی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایلین ڈیجنرس کے شو کے ملازمین کو جنسی ہراساں کیے جانے کا انکشاف
اور اب وارنر برادرز نے تین اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کرتے ہوئے کہا کہ تاحال تفتیش جاری ہے اور تمام ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ ایلین ڈیجنرس کا شو 2003 سے جاری ہیں اور انہیں این بی سی نیٹ ورک کے ٹی وی چینلز پر نشر کرنے سمیت متعدد ویب اسٹریمنگ چینلز اور سوشل میڈیا سائٹس پر نشر کیا جاتا ہے۔
ایلین ڈیجنرس شو کا شمار دن میں دیکھے جانے والے سب سے زیادہ شوز میں ہوتا ہے اور ان کے ریئلٹی کامیڈی شو کا اب ساتواں سیزن چل رہا ہے۔
ان کے شو نے 171 ایمی ایوارڈز سمیت کئی ایوارڈز جیت رکھے ہیں اور ان کے شو میں کئی نامور شخصیات شامل ہوچکی ہیں۔
ملازمین کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ایلین ڈیجنرس کے حق میں بیانات دیے تھے اور کہا تھا کہ وہ خود الزامات میں ملوث نہیں، اس لیے ان کے خلاف مہم نہ چلائی جائے۔