بھارت کے مشہور اوپنر چیتن چوہان کا کورونا کے باعث انتقال
سنیل گواسکر کے ساتھ اوپننگ کرنے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر اور یوپی کے ریاستی وزیرچیتن چوہان کورونا وائرس سے متاثر ہوکر انتقال کرگئے۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چیتن چوہان کے بھائی نے بتایا کہ سنیل گواسکر کے ساتھ اوپننگ کرنے والے مشہور بلے باز چیتن چوہان 73 برس کی عمر میں چل بسے۔
مزید پڑھیں:بھارت میں کورونا وائرس سے تقریباً 2 ہزار ڈاکٹرز انتقال کرگئے
چیتن چوہان کا کورونا ٹیسٹ گزشتہ ماہ مثبت آیا تھا اور گڑگاؤں کے ایک ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے لیکن ان کی حالت خراب ہوتی گئی اور جسم کے کئی اعضا نے کام کرنا بھی چھوڑ دیا تھا۔
ان کے بھائی پشپندرا چوہان کا کہنا تھا کہ 'ان کا ٹیسٹ منفی آیا تھا لیکن بعد میں دوبارہ ٹیسٹ مثبت آیا'۔
چیتن چوہان نے کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد کوچنگ کی اور پھر سیاست میں حصہ لیا تھا اور شمالی ریاست یوپی میں حکمراں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن منتخب ہوگئے تھے۔
انہیں ریاست کا وزیر بھی بنایا گیا تھا۔
چیتن چوہان 21 جولائی 1947 کو پیدا ہوئے اور بھارت کی جانب سے 25 ستمبر 1969 کو ٹیسٹ اور یکم اکتوبر 1978 کو ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت: کورونا سے ہلاک دولہے کی شادی، آخری رسومات میں شریک 100 افراد وائرس سے متاثر
آئی سی سی کے مطابق انہوں نے 1969 سے 1981 کے دوران 40 ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ کھیلا اور 2 ہزار 237 رنز بنائے لیکن وہ اپنے پورے کیریئر میں کوئی سنچری نہیں بناسکے۔
سنیل گواسکر کے ساتھ ان کی اوپننگ جوڑی مشہور ہوئی تھی اور دونوں اوپنرز نے 54.85 کی اوسط سے رنز بنائے تھے، جس میں 11 مرتبہ 100 رنز یا اس سے زیادہ کی شراکت شامل تھی۔
دونوں اوپنرز کے درمیان سب سے بڑی شراکت 1979 میں اوول میں 213 رنز کی تھی اور اس میچ میں گواسکر نے ڈبل سنچری بنائی تھی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں شین وارن واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے بغیر کسی سنچری کے سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڈ چیتن چوہان کے پاس تھا۔
یاد رہے کہ چیتن چوہان نے کرکٹ میں کوچنگ بھی کی تھی جبکہ2001 میں کولکتہ میں آسٹریلیا کےخلاف یادگار فتح حاصل کرنے والی بھارتی ٹیم کے منیجر بھی تھے۔
مزید پڑھیں:بھارت: کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ،دہلی میں صحت مراکز چلانے کیلئے فوج طلب
چیتن چوہان سیاست میں بھی فعال رہے اور 1991 اور 1998 میں دو مرتبہ لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے اور جب کورونا وائرس کا شکار ہوئے تو وہ یوپی میں ریاستی وزیر تھے۔
چیتن چوہان بھارت میں کورونا سے ہلاک ہونے والے دوسرے ریاستی وزیر ہیں، ان سے قبل 62 سالہ ریاستی وزیرتعلیم کملارانی ورون کووڈ-19 کے باعث ہلاک ہوگئی تھیں۔
بھارت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں 25 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ تقریباً 50 ہزار اموات ہوئی ہیں۔