پاکستان

کورونا وبا: 92 فیصد مریض صحتیاب، 666 نئے کیسز رپورٹ

ملک میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 88 ہزار 461 متاثر، 6 ہزار 166 جاں بحق اور 2 لاکھ 65 ہزار 624 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
| |

ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے جس کے باعث صحتیاب مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے اور روزانہ سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد بڑی حد تک کم رہ گئی ہے۔

آج ملک میں مزید 666 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 5 مریض وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جس سے 15 اگست کو ملک میں مجموعی کیسز 2 لاکھ 88 ہزار461 جبکہ اموات 6 ہزار 166 ہوگئیں۔

اس کے علاوہ مزید 409 مریض کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ19 سے صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 624 ہوگئی۔

پاکستان میں 26 فروری کو پہلے 2 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد مارچ میں ملک گیر لاک ڈاؤن کے باعث وائرس کا پھیلاؤ نسبتاً سست رہا اور اپریل میں اس میں تیزی آنی شروع ہوگئی۔

تاہم رمضان اور عید کے موقع پر لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث مئی اور جون میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے اوپر اموات سامنے آنے لگی۔

جس کے بعد جولائی کے آٖغاز سے یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور اب اگست کے مہینے میں صورتحال مزید بہتر ہوگئی ہے۔

آج (15 اگست) کو سامنے آنے والے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ یوں ہے۔

سندھ

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 272 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 9 ہزار 774 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 272 مثبت آئے، دوسری جانب مزید 4 مریض انتقال کر گئے۔

نئے کیسز کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 904 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 2 ہزار 317 ہوگئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 210 افراد وبا سے متاثر ہوئے۔

ملک میں کورونا کی صورتحال کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 95 ہزار 203 ہوگئی۔

تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اموات میں اضافہ نہیں ہوا اور صوبے میں انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 2 ہزار 180 ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں روزانہ سامنے آنے والے کیسز کی تعداد کم ہو کر 4 تک پہنچ چکی ہے

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 4 نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 15 ہزار 346 تک پہنچ گئے۔

شہر میں کووِڈ 19 کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 173 ہے جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اضافہ نہیں ہوا۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 62 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہزار 153 ہوگئی۔

صوبے میں ہفتہ کو وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 1238 پر برقرار ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی یومیہ رپورٹ میں وبا کے مزید 80 کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 12 ہزار 224 ہوگئی۔

صوبے میں ہفتہ کو بھی وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جس کے بعد یہاں میں اموات کی تعداد 138 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک کے خوبصورت ترین علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس نے مزید 26 افراد کو متاثر کردیا اور ایک مریض کی موت ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی متاثرین 2 ہزار452 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ مزید ایک ہلاکت سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 60 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 12نئے مریضوں نے کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 179 تک پہنچا دیا۔

صحتیاب

ملک میں کورونا وائرس سے 92 فیصد سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور اس میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 409 رہی۔

جس کے بعد اب تک مجموعی کیسز میں سے 2 لاکھ 65 ہزار 624 مریض شفا پاچکے ہیں۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 288461

اموات: 6166

صحتیاب: 265624

فعال کیسز:16671

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 904 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 95 ہزار 203 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 153 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 224 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 346، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 179 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 452 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2317

پنجاب: 2180

خیبرپختونخوا: 1238

بلوچستان: 138

اسلام آباد: 173

آزاد کشمیر: 60

گلگت بلتستان: 60

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔