لائف اسٹائل

بل کوسبی نے ریپ الزامات میں سزا کے خلاف درخواست دائر کردی

ہولی وڈ کامیڈین 83 سالہ بل کوسبی ریپ اور جنسی جرائم کے الزامات کے تحت 2018 سے جیل میں ہیں۔

معروف امریکی کامیڈین 83 سالہ بل کوسبی نے 2018 میں خود کو ریپ اور خواتین کے جنسی استحصال کی سنائی جانے والی سزا کے خلاف 2 سال بعد عدالت سے رجوع کرلیا۔

بل کوسبی کو امریکا کی ریاست میری لینڈ کی مونٹگمری کاؤنٹی کی عدالت نے دسمبر 2018 میں ایک خاتون کے ریپ کے الزامات ثابت ہونے پر تین سے 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

بل کوسبی پر 2004 میں کینیڈا کی ایک باسکٹ بال کھلاڑی آندریا کونسٹائڈ کو نشہ دے کر ‘ریپ‘ کرنے سمیت دیگر 60 خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے جیسے الزامات تھے۔

کامیڈین نے 1960 کی دہائی میں کیریئر کی شروعات کی، انہوں نے 1980 کے بعد ‘دی کوسبی شو’ کے نام سے مقبول ٹاکنگ شو شروع کیا، جس میں کئی خواتین و اداکارائیں شامل ہوئیں۔

بل کوسبی کے خلاف اسی پروگرام میں شامل ہونے والی کئی خواتین نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ‘ریپ’ کا الزام لگایا۔

کامیڈین کے خلاف سب سے پہلے 5 سال قبل 2015 کو اس مقدمے کا آغاز ہوا، ان کے خلاف متعدد سماعتیں بھی ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘ریپ’ الزامات کے تحت بل کوسبی کو جیل قید اور جرمانے کی سزا

بل کوسبی کے خلاف اپنی اہلیہ سمیت دیگر 10 خواتین نے ہتک عزت کا بھی مقدمہ کر رکھا تھا۔

ایک موقع پر عدالت نے ان پر فرد جرم بھی عائد کی تھی تاہم بعد ازاں 2017 میں حیران کن طور پر انہیں اسی کیس سے جڑے متعدد معاملات میں بری کرکے مقدمے کو بند کردیا گیا تھا۔

تاہم 2017 میں شروع ہونے والی می ٹو مہم کے بعد دوبارہ بل کوسبی کے خلاف خواتین سامنے آئیں اور ان کے خلاف دوبارہ ٹرائل کا آغاز ہوا اور عدالت نے انہیں دسمبر میں مجرم قرار دے کر جیل بھیج دیا تھا۔

جیل بھیجے جانے کے ایک سال بعد جون 2019 میں بھی بل کوسبی نے فیصلے پر نظرثانی کے لیے امریکی عدالت میں درخواست دائر کی تھی تاہم ان کی اس درخواست پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

اور اب ایک بار پھر بل کوسبی نے اپنے خلاف عدالتی فیصلے کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے عدالت سے دوبارہ ٹرائل کے لیے رجوع کرلیا۔

شوبز میگزین وینٹی فیئر نے اپنی رپورٹ میں دیگر نشریاتی اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بل کوسبی نے 11 اگست کو دوبارہ میری لینڈ کی مونٹگمری کاؤنٹی کی عدالت میں درخواست دائر کی۔

بل کوسبی کے وکلا کی جانب سے دائر کی گئی درخوست میں کہا گیا کہ دسمبر 2018 میں عدالت کی جانب سے سنایا گیا فیصلہ بدنیتی پر مبنی تھا اور کامیڈین سمجھتے ہیں کہ ان کے ساتھ انصاف نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں: ریپ الزامات میں سزا کاٹنے والے بل کوسبی نے درخواست دائر کردی

درخواست میں عدالت سے دوبارہ ٹرائل شروع کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عدالت کے پرانے فیصلے پر مجرم کو تحفظات ہیں۔

بل کوسبی کی جانب سے دائر کردہ درخواست مونٹگمری کاؤنٹی کی عدالت یا پراسیکیوٹرز نے فوری طور پر جواب نہیں دیا، تاہم عدالت کے دفتر سے تصدیق کی گئی کہ اداکار کی درخواست پر آئندہ ماہ تک جواب دے دیا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ 2 سال تک جیل میں گزارنے کے بعد عدالت بل کوسبی کو ممکنہ طور پر ریلیف فراہم کرتے ہوئے ان کے کیس کی دوبارہ سماعت کی منظورے دے دے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

صنم بلوچ نے پہلی مرتبہ بیٹی کی تصاویر شیئر کردیں

آر کیلی جنسی جرائم کیس، گلوکار کے تین دوستوں پر متاثرین کو دھمکانے کا الزام

ڈونلڈ ٹرمپ کی شاور میں پریشر سے پانی نہ آنے کی شکایت پر تنازع