بالوں سے محرومی بھی کووڈ 19 کی طویل المعیاد علامت قرار
کورونا وائرس سے صحتیاب افراد میں تھکاوٹ، سانس لینے میں مشکل اور پٹھوں کی کمزوری جیسے طویل المعیاد اثرات کی تصدیق ہوچکی ہے
حال ہی میں ایک امریکی اداکارہ نے لوگوں پر زور دیا تھا کہ وہ نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی وبا کو سنجیدگی سے لیں اور انکشاف کیا تھا کہ اس کا شکار ہونے کے کئی ماہ بعد اب ان کے بال گچھوں کی شکل میں ٹوٹ کر گررہے ہیں۔
ایلسا میلانو میں مارچ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور رواں ماہ یعنی 5 مہینے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے بال ٹوٹتے ہوئے دکھائے۔