پاکستان

کورونا وبا: پاکستان میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن، 91 فیصد مریض صحتیاب

ملک میں کورونا وائرس کے 2 لاکھ 85 ہزار 16 کیسز میں سے 2 لاکھ 60 ہزار 764 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 107 وفات پاچکے ہیں۔
| |

دنیا بھر میں 2 کروڑ کے قریب لوگوں کو متاثر کرنے والے اور 7 لاکھ 30 ہزار سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس پاکستان میں بھی 2 لاکھ 85 ہزار 16 لوگوں کو متاثر کرچکا ہے تاہم اچھی بات یہ ہے کہ اس میں سے 2 لاکھ 60 ہزار 764 مریض شفایاب بھی ہوگئے ہیں جو مجموعی کیسز کا 91 فیصد سے زائد ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 6 ہزار 107 تک پہنچ چکی ہے۔

اگر آج (10 اگست) کورونا وائرس کی صورتحال کی بات کریں تو ملک میں مزی513 نئے کیسز اور 13 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 516 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ بلوچستان کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار آج سامنے آئے جس کے مطابق 22 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور ایک کا انتقال ہوا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس خطے میں دیگر ممالک کے مقابلے میں کافی دیر سے فروری کے آخر میں سامنے آیا تھا جبکہ یہاں 2 سے 3 ماہ کی کیسز کی بلندی کے بعد صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔

فروری اور مارچ کے مہینے میں ملک میں کورونا کے کیسز کافی کم تھے تاہم اپریل میں ان میں اضافہ ہونا شروع ہوا، جس کے بعد مئی اور پھر جون میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی تاہم جولائی کے مہینے میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی آنا شروع ہوئی اور یہی صورتحال اگست میں بھی برقرار ہے۔

آج ملک میں سامنے آنے والے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس مزید 278 افراد کو متاثر اور 10 کی جان لے گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 278 کیسز کی تصدیق ہوئی جس سے مجموعی تعداد ایک لاکھ 24 ہزار 127 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 2 ہزار 282 ہوگئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 117 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار کی فراہمی کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 94 ہزار 477 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک فرد کی موت سے مجموعی اموات 2 ہزار 170 تک ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری دیکھنے میں آئی اور مزید 20 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں 20 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز 15 ہزار 261 تک پہنچ گئے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے 63 نئے مریضوں کے سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 34 ہزار 755 ہوگئی۔

صوبے میں مارچ کے بعد پہلی بار ایک روز میں کوئی نئی اموات سامنے نہیں آئی اور جاں بحق افراد کی تعداد 1231 ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے وبا کے 15 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 921 ہوگئی۔

صوبے میں چوبیس گھنٹے کے دوران کوئی نئی موت واقع نہیں ہوئی اور اموات کی تعداد 138 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک میں متاثرہ حصوں میں دوسرے نمبر پر کم متاثرہ گلگت بلتستان میں مزید 13 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں 13 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2 ہزار 334 تک جاپہنچی۔

اس کے علاوہ وہاں 2 افراد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 57 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر جو ملک کا سب سے کم متاثرہ علاقہ ہے وہاں کیسز میں 7 کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 7 نئے کیسز کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز 2 ہزار 141 تک پہنچ گئے۔

صحتیاب افراد

تاہم جہاں کیسز سامنے آرہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 516 مریض شفا پاگئے۔

ان نئے مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار 764 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 285016

اموات: 6107

صحتیاب: 260764

فعال کیسز: 18145

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 24 ہزار 127 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 477 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 755 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 921 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 261، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 141 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 334 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2282

پنجاب: 2170

خیبرپختونخوا: 1231

بلوچستان: 138

اسلام آباد: 171

آزاد کشمیر: 58

گلگت بلتستان: 57


خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔