ملک میں مزید 647 افراد میں وائرس کی تشخیص، 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد صحتیاب
ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے جس کے پیشِ نظر اب ملک میں معیشت کے متعدد شعبہ جات کھولنے کا حکم دیا جاچکا ہے۔
آج ملک میں مزید 694 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 22 مریض وبا کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے علاوہ ازیں بلوچستان کے محکمہ صحت کی گزشتہ روز جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں مزید 63 کیسز کا اضافہ ہوا۔
جس سے 9 اگست کی شام تک ملک میں مجموعی کیسز 2 لاکھ 84 ہزار 481 جبکہ اموات 6 ہزار 93 ہوگئیں۔
اس کے علاوہ مزید 644 مریض کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ19 سے صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار 248 ہوگئی۔
پاکستان میں 26 فروری کو پہلے 2 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد مارچ میں ملک گیر لاک ڈاؤن کے باعث وائرس کا پھیلاؤ نسبتاً سست رہا اور اپریل میں اس میں تیزی آنی شروع ہوگئی۔
تاہم رمضان اور عید کے موقع پر لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث مئی اور جون میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے اوپر اموات سامنے آنے لگی۔
جس کے بعد جولائی کے آٖغاز سے یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور اب اگست کے مہینے میں صورتحال مزید بہتر ہوگئی ہے۔
آج (9 اگست) کو سامنے آنے والے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ یوں ہے۔
سندھ
صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 303 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور مزید 10 مریض انتقال کر گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ ایک روز میں 8 ہزار 288 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 303 مثبت آئے اس طرح صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 849 ہو گئیں۔
اسی طرح مزید 10 مریضوں کے انتقال سے اموات 2 ہزار 272 تک جا پہنچیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 303 میں 103 مریض کراچی میں رپورٹ ہوئے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 137 افراد وبا سے متاثر ہوئے۔
ملک میں کورونا کی صورتحال کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 94 ہزار 360 ہوگئی۔
اس کے علاوہ مزید 3 افراد کے انتقال کرجانے سے صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 169 تک پہنچ گئی۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا (کےپی) میں کورونا وائرس کے مزید 57 کیسز اور ایک ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 34 ہزار 692 ہوگئی ہے۔
صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار231 ہوگئی ہے۔
قبل ازیں محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے رات گئے جاری اعداد و شمار میں کہا گیا تھا کہ 8 اگست کو صوبے میں مزید 96 افراد وائرس سے متاثر ہوئے اور 8 مریض انتقال کر گئے۔
جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز 34 ہزار 635 جبکہ اموات کی تعداد ایک ہزار 230 ہوگئی تھی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 27 افراد کو متاثر کیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 27 نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 15 ہزار 241 تک پہنچ گئے۔
شہر میں کووِڈ 19 کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 171 ہے۔
گلگت بلتستان
ملک میں کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس نے مزید 20 افراد کو متاثر کردیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی متاثرین 2 ہزار321 تک پہنچ گئے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 5 نئے مریضوں نے کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 134 تک پہنچا دیا۔
بلوچستان
محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے 8 اگست کو جاری کردہ کووِڈ 19 کیسز کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں مزید 63 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
اس طرح ملک میں رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے میں مجموعی متاثرین کی تعداد 11 ہزار 884 ہوگئی۔
صحتیاب
ملک میں کورونا وائرس سے 91 فیصد سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور اس میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 644 تھی۔
جس کے بعد اب تک مجموعی کیسز میں سے 2 لاکھ 60 ہزار 248 مریض شفا پاچکے ہیں۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 284481
اموات: 6093
صحتیاب: 260248
فعال کیسز:18084
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 849 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 360 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 692 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 884 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 241 ، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 134 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 321 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
سندھ: 2262
پنجاب: 2169
خیبرپختونخوا: 1231
بلوچستان: 137
اسلام آباد: 171
آزاد کشمیر: 58
گلگت بلتستان: 55
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔
تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔