صحت

کووڈ 19 کے مریضوں میں علامات ظاہر ہونے میں کتنے دن لگتے ہیں؟

مریضوں کے نمونوں کی سب سے بڑی تعداد کے تجزیے کے بعد چین میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں یہ دعویٰ سامنے آیا۔

نوول کورونا وائرس کے شکار افراد میں اس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی علامات ظاہر ہونے میں اوسطاً 8 دن کا عرصہ لگتا ہے، جو کہ سابقہ 4 سے دن کے اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔

یہ دعویٰ اس حوالے سے اب تک مریضوں کے نمونوں کی سب سے بڑی تعداد کے تجزیے کے بعد چین میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں کیا گیا۔

پیکانگ یونیورسٹی میں ووہان سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کی شناخت کی گئی جو کووڈ 19 سے متاثر تو تھے مگر ان میں علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں اور پھر ان کا جائزہ اس وقت تک لیا گیا جب تک ان میں علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

طبی جریدے جرنل سائنس ایڈوانسز میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ابھی محدود ڈیٹا، خود سے کی جانے والی رپورٹس اور نمونوں کی کم تعداد کے حوالے سے یہ کہا جاتا ہے کہ بیماری ظاہر ہونے کا دورانیہ 4 سے 5 دن کا ہے۔

اس تحقیق میں بیماری ظاہر ہونے کے دورانیے کے تعین کے لیے ایک کم لاگت طریقہ کار تشکیل دیا اور اس کا اطلاق کووڈ 19 کے لگ بھگ 11 سو مریضوں کیا گیا۔

محققین نے دریافت کیا کہ مریضوں میں علامات ظاہر ہونے میں اوسطاً 7.75 دن لگتے ہیں جبکہ 10 فیصد میں یہ دورانیہ 14.28 دن رہا۔

محققین کا کہنا تھا کہ 10 فیصد مریضوں میں علامات ظاہر ہونے کا وقت طبی حکام کے لیے باعث تشویش ہوسکتا ہے جو 14 دن کے قرنطینہ پر انحصار کرتے ہیں۔

یہ بات پہلے ہی ثابت ہوچکی ہے کہ کورونا وائرس کے شکار افراد علامات کے بغیر بھی وائرس کو دوسروں میں منتقل کرسکتے ہیں اور اسی وجہ سے یہ بہت خاموشی اور تیزی سے پھیلتا ہے۔

جون میں برطانیہ کی لیڈز یونیورسٹی سمیت 5 یونیورسٹیوں کی تحقیق میں اس وبا کے آغاز پر عالمی ادارہ صحت کی مرتب کردہ علامات کی فہرست کی توثیق کی گئی۔

تحقیق کے دوران 148 مختلف تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کو اکٹھا کیا گیا جن میں برطانیہ، چین اور روس سمیت 9 ممالک کے 24 ہزاار سے زائد مریضوں کی مدد سے عام علامات کی شناخت کی گئی تھی۔

طبی جریدے پلوس ون میں شائع یہ تحقیق کووڈ 19 کی علامات کے حوالے سے اب تک کی سب سے بڑی تحقیق قرار دی جارہی ہے۔

محققین نے یہ بھی تسلیم کیا کہ بڑی تعداد میں وائرس کے شکار افراد ایسے ہوسکتے ہیں جن میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔

24 ہزار 410 کیسز کا تجزیہ کرنے کے بعد تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 78 فیصد مریضوں کو بخار کا سامنا ہوا، مگر مختلف ممالک میں یہ شرح بھی مختلف تھی، جیسے سنگاپور کے 72 فیصد مریضوں نے اسے رپورٹ کای جبکہ جنوبی کوریا میں یہ شرح 32 فیصد تھی۔

مجموعی طور پر 57 فیصد مریضوں میں کھانسی کی شکایت سامنے آئی مگر یہ شرح بھی مختلف ممالک میں مختلف تھی، جیسے نیدرلینڈ میں 76 فیصد جبکہ جنوبی کوریا میں 18 فیصد۔

31 فیصد کو تھکاوٹ کا سامنا ہوا، 25 فیصد سونگھنے کی حس سے محروم ہوگئے، 23 فیصد نے سانس لینے میں مشکلات کو رپورٹ کیا۔

محققین کا ماننا تھا کہ مختلف ممالک میں عام علامات کی شرح میں فرق کی وجہ ڈیٹا کو اکٹھا کرنے کا طریقہ کار ہے۔

24 ہزار سے زائد مریضوں میں سے 17 فیصد کو سانس لینے کے حوالے سے کسی مشین کی ضرورت نہیں پڑی، 19 فیصسد کو آئی سی یو میں لے جانا پڑا، 9 فیصد کو وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑی جبکہ 2 فیصد اضافی آکسیجن یا مصنوعی پھیپھڑے کی ضرورت پڑی۔

محققین کا کہنا تھا کہ اس تجزیے سے تصدیق ہوتی ہے کہ کھانسی اور بخار کووڈ 19 کے شکار افراد میں سب سے عام علامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحقیق سے اس حقیقت کو تقویت ملتی ہے کہ ہم بنیادی علالمات کی تشخیص کے حوالے سے درست ہیں اور اس سے ایسے افراد کا تعین کرنے میں مدد مل سکے گی جن کا ٹیسٹ ہونا چاہیے۔

عالمی ادارہ صحت نے وبا کے آغاز میں چین میں 55 ہزار سے زائد کیسز کے تجزیے کے بعد اس کی علامات کو تفصیل سے بیان کیا تھا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس کی سب سے عام علامات اور مریضوں میں اس کی شرح درج ذیل ہیں:

بخار 88 فیصد

خشک کھانسی 68 فیصد

تھکاوٹ 38 فیصد

تھوک کے ساتھ کھانسی یا گاڑھے بلغم کے ساتھ 33 فیصد

سانس لینے میں مشکل 19 فیصد

ہڈی یا جوڑوں میں تکلیف 15 فیصد

گلے کی سوجن 14 فیصد

سردرد 14 فیصد

ٹھنڈ لگنا 11 فیصد

قے یا متلی 5 فیصد

ناک بند ہونا 5 فیصد

ہیضہ 4 فیصد

کھانسی میں خون آنا ایک فیصد

آنکھوں کی سوجن ایک فیصد

کووڈ 19 کی وبا کب تک ختم ہوگی؟ بل گیٹس نے پیشگوئی کردی

کورونا وائرس کے بغیر علامات والے مریضوں کے بارے میں نیا انکشاف

نئے کورونا وائرس کے خلاف کام کرنے والا جسم کا نیا ہتھیار سامنے آگیا