دنیا

بھارت میں ایئر انڈیا کا طیارہ رن وے پر خوفناک حادثے کا شکار، 17 مسافر ہلاک

دبئی سے بھارت کے مغربی شہر کیلی کٹ میں پہنچنے والے طیارے میں 10 شیرخوار بچوں اور عملے سمیت 191 مسافر سوار تھے، حکام

بھارتی ریاست کیرالا میں ایئر انڈیا کا طیارہ رن وے پر خوفناک حادثے کا شکار ہوکر دو ٹکڑے ہوگیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹوں سمیت کم از کم 17 مسافر ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق بھارت کی سول ایوی ایشن وزارت کا کہنا تھا کہ ایئر انڈیا کا بوئنگ 737 دبئی سے کیلی کٹ پہنچا تھا جس میں عملے سمیت 191 افراد سوار تھے اور بارش کے دوران لینڈنگ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ طیارے میں 10 شیرخوار بچے بھی سوار تھے۔

کیرالا پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حادثے میں کم ازکم 17 مسافر ہلاک ہوئے۔

اس سے قبل پولیس سپرینٹنڈنٹ عبدالکریم کا کہنا تھا کہ 'ہمیں خدشہ ہے کہ 2 یا 3 مسافر ہلاک ہوئے ہیں اور 35 زخمی ہیں تاہم ابھی امدادی کام جاری ہیں'۔

مقامی ٹی وی کا کہنا تھا کہ طیارہ رن میں لینڈنگ کے دوران حادثے کے باعث دو ٹکڑوں میں تقسیم ہوا۔

سول ایوی ایشن کی وزارت کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر امدادی کام جاری ہیں اور مسافروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد طیارے میں آگ نہیں لگی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کیرالا کے وزیراعلیٰ پینارائے ویجایان نے پولیس اور فائرفورس کو ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے طبی انتظامات سمیت دیگر امدادی کاموں کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی پرواز بھارتی حکومت کی جانب سے کورونا کے باعث دبئی میں پھنسے ہوئے بھارتی باشندوں کو واپس لانے کے لیے بھیجی گئی تھی۔

حادثے کے بعد شارجہ اور دبئی میں مسافروں سے متعلق معلومات کے لیے مراکز قائم کردیے گئے ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جہاز کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'کوزیکوڈ میں طیارہ حادثے پر دکھ ہوا، اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے ساتھ ہمدردی رکھتا ہوں'۔

انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی بھارتی جہاز کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ 'ریاست کیرالا میں ایئرانڈیا کے جہاز کے حادثے پر افسوس ہے جس کے باعث معصوم انسانی جانیں ضائع ہوئیں'۔

انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ 'اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو مشکل کی اس گھڑی میں حوصلہ عطافرمائے'۔

پیپلز پارٹی کا نیب کی کارروائیوں کےخلاف غیر ملکی سفارتخانوں کو خطوط لکھنے کا فیصلہ

کراچی: پولیس اہلکاروں کی ’غلط فہمی‘ پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

کراچی میں دوسرے روز بھی بارش، 8 افراد جاں بحق