پاکستان

تمام ایئرپورٹس پر بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان

قابل اطلاق ایس او پیز کے مطابق پاکستان جانے یا آنے والی بین الاقوامی کارگو اور خصوصی فلائٹ آپریشن بھی بحال ہوں گے، سی اے اے
|

حکومت نے ملک میں کیسز اور اموات کم ہونے پر کورونا وائرس کے باعث عائد متعدد پابندیوں کو گزشتہ روز ختم کرنے کے اعلان کیا تھا اور اب پاکستان میں تمام ایئر پورٹس پر بین الاقوامی پروازوں کو مکمل طور پر دوبارہ بحال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے جاری کردہ نوٹم (ایئر مین کو نوٹس) میں کہا گیا ہے کہ 9 اگست کی رات 12 بجے سے آپریشنز کا دوبارہ آغاز ہوگا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ 'حکومت پاکستان تمام ایئر پورٹس پر بین الاقوامی مسافر آپریشنز بحال کر رہی ہے جیسے کورونا وائرس سے پہلے بحال تھے'۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے باعث دنیا کی طویل ترین مسافر پرواز کا ریکارڈ قائم

ان کا کہنا تھا کہ 'موسم گرما 2020 کے شیڈولنگ سیزن کے مطابق پاکستان سے جانے یا پاکستان آنے والی بین الاقوامی طے شدہ پروازیں بحال ہوجائیں گی تاہم بین الاقوامی پرواز کے عمل کو طے شدہ ہدایات اور قابل اطلاق معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کے مطابق عمل درآمد کیا جائے گا'۔

انہوں نے کہا کہ 'قابل اطلاق ایس او پیز کے مطابق پاکستان جانے یا آنے والی بین الاقوامی کارگو اور خصوصی فلائٹ آپریشن بھی بحال ہوں گے'۔

ایک اور نوٹم میں سی اے اے نے کہا کہ ہر طرح کے مقامی مسافروں کو تمام ایئرپورٹس پر جانے اور آنے کی اجازت ہوگی۔

ایک روز قبل ہی ایوی ایشن ڈویژن نے اعلان کیا تھا کہ 6 اگست کی رات 12 بجے سے ملک کے تمام ایئر پورٹس سے مقامی پروازیں بحال کردی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی براہ راست پرواز 13مئی کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی

ایوی ایشن ڈویژن کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری عبدالستار کھوکھر نے کہا کہ تمام آپریٹرز کو قائم کردہ گائیڈ لائنز، ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہوگی اور وہ مجاز اتھارٹی سے پیشگی شیڈول منظوری حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کارگو خصوصی پروازیں اور نجی ہوائی جہاز کے آپریشن بھی تمام ایئرپورٹس کے لیے دستیاب ہوں گے جو متعلقہ ایس او پیز کی تعمیل کے تحت ہوں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستان نے 21 مارچ کو تمام بین الاقوامی پروازیں اور 26 مارچ کو مقامی پروازیں معطل کردی تھیں۔

کورونا وائرس کے بغیر علامات والے مریضوں کے بارے میں نیا انکشاف

نئے کورونا وائرس کے خلاف کام کرنے والا جسم کا نیا ہتھیار سامنے آگیا

اس مزیدار مشروب کے فائدے بھی دنگ کردینے والے ہیں