کراچی: ‘سڑکوں پر جانوروں کو ذبح کرنے کی اجازت نہیں ہوگی’
کراچی: شہری انتظامیہ نے عید الاضحیٰ پر سڑکوں پر جانوروں کی قربانی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ صرف سندھ حکومت کی جانب سے مختص کیے گئے ذبیحہ پوائنٹس پر ہی اس کی اجازت دی جائے گی تاکہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جاسکے اور عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں ہٹانے کا کام آسانی سے انجام دیا جاسکے۔
مزید پڑھیں: عیدالاضحیٰ،قربانی کے ساتھ خوشیاں دوبالا
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ کمشنر افتخار شلوانی کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ حکومت سندھ کے احکامات پر عمل درآمد کرائیں اور کسی کو بھی گلیوں اور سڑکوں پر جانوروں کی قربانی کرنے کی اجازت نہ دیں۔
اجلاس میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اور کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے آلائشیں اٹھانے کے لیے تیار کردہ ہنگامی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عید کیلئے قربانی کے جانور آنا شروع
فیصلہ کیا گیا کہ ہنگامی منصوبوں پر متعلقہ ڈی سیز سے ان کے دفاتر میں مزید تبادلہ خیال کیا جائے گا اور عہدیداروں اور ڈی سی کے مشترکہ اجلاسوں کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عید الاضحٰی کے موقع پر مون سون سیزن کے دوران متوقع بارشوں سے نمٹنے کے لیے آلائشیں ہٹانے اور انتظامات کے کام کی نگرانی کریں گے۔