پاکستان

کورونا وبا: گلگت میں کیسز آزاد کشمیر سے زیادہ، ملک میں مجموعی صورتحال میں بہتری

آج صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے 398 نئے کیسز اور 11 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ ایک ہزار 248 افراد صحتیاب ہوگئے۔
|

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک 2 لاکھ 77 ہزار 539 کیسز میں سے 2 لاکھ 46 ہزار 131 صحتیاب ہوگئے ہیں۔

ملک میں مصدقہ کیسز میں سے صحتیاب افراد کی تعداد 88 فیصد سے زائد ہے جبکہ ان کیسز میں سے 5 ہزار 926 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں۔

آج (30 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے 476 نئے کیسز اور 11 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ ایک ہزار 248 افراد صحتیاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا کو 5 ماہ سے زائد کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے اور اس دوران کیسز کے حساب سے سب سے تشویش ناک مہینہ جون ثابت ہوا ہے۔

اگر اب تک کی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو 26 فروری کو پہلے کیس سے لے کر 31 مارچ تک ملک میں کورونا وائرس کے 2 ہزار کے لگ بھگ مریض اور 26 اموات تھیں، جو بعد ازاں اپریل کےمہینے میں بڑھ کر 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

مئی کے مہینے میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھنا شروع ہوئی اور ایک ماہ کے اختتام تک کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئی، جس کے بعد ماہ جون میں صورتحال یکسر بدل گئی اور 30 جون تک ملک میں مجموعی کیسز 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے بڑھ گئیں۔

جولائی کا مہینہ جون کے مقابلےمیں قدر بہتر ثابت ہوا اور گزشتہ 20 روز کے دوران تقریباً 65 ہزار کیسز اور 1600 کے قریب اموات سامنے آئیں۔

آج 30 جولائی کو سامنے آنے والے کیسز کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 203 نئے کیسز اور 5 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان 203 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 92 ہزار 655 ہوگئی۔

اس کے علاوہ وہاں 5 اموات کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد صوبے میں اب تک لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 2 ہزار 138 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز 15 ہزار کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 24 کیسز سے مجموعی تعداد 14 ہزار 987 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 113 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 33 ہزار 958 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 1194 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا سے متعلق یومیہ صورتحال کی رپورٹ میں وبا کے مزید 24 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 11 ہزار 732 ہوگئی۔

گزشتہ روز صوبے میں وائرس کے 54 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 136 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک میں ایک مرتبہ پھر گلگت بلتستان میں کیسز آزاد کشمیر سے زیادہ ہوگئے اور وہاں ایک روز میں مزید 48 افراد وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 3 لقمہ اجل بنے۔

اس نئے اعداد و شمار کے بعد وہاں 48 کیسز کے اضافے سے مجموعی تعداد 2090 ہوگئی۔

مزید برآں 3 افراد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 53 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں اس وقت سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 10 افراد کو متاثر اور ایک فرد کی جان لے گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 10 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2065 ہوگئی۔

علاوہ ازیں وہاں ایک اور موت کے بعد مجموعی تعداد 51 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں جہاں کیسز کی تعداد میں کمی ہورہی ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جو امید کی کرن ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 248 افراد شفایاب ہوئے اور اس طرح مجموعی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار 131 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 277539

اموات: 5926

صحتیاب: 246131

فعال کیسز: 25482

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 20 ہزار 52 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 92 ہزار 655 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 33 ہزار 958 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 732 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 987، آزاد کشمیر میں 2065 اور گلگت بلتستان 2090 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2189

پنجاب: 2138

خیبرپختونخوا: 1194

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 165

آزاد کشمیر: 51

گلگت بلتستان: 53


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

حرم میں غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی پروقار تقریب

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سول ایوی ایشن کو پائلٹ کے خلاف کارروائی سے روک دیا

پارک لین ریفرنس:زرداری کیخلاف نیشنل بینک کے دو سابق صدور وعدہ معاف گواہ بن گئے