اشتعال دلایا گیا تو اپنی پوری طاقت سے جواب دیں گے، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے اگر ہمیں اشتعال دلایا گیا تو جواب دیں گے اور اپنی پوری طاقت سے جواب دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا اور ٹینک الخالد-ون کو آرمدرڈ کور رجمنٹ کے حوالے کرنے کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کی کورونا کی روک تھام کیلئے قومی سطح پر اقدامات اور تیاریوں کی ہدایت
آئی ایس پی آر کے مطابق ٹینک الخالد-ون پاکستان کے دوست ممالک چین اور یوکرین کا مشترکہ منصوبہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تقریب کے دوران ٹینک الخالد-ون کی عملی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا گیا جن میں نقل و حرکت، رفتار، کنٹرول سسٹم میں دوطرفہ بندوق چلانے میں مضبوطی اور اسموک اسکرین کا استعمال شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق الخالد کو فارمیشنز کے حوالے کیا جن کا جنگ کے دوران اہم اور فیصلہ کن کردار ہے۔
تقریب کے دوران چیئرمین ایچ آئی ٹی میجر جنرل سید عامر رضا نے خود انحصاری کے ذریعے دفاعی صنعت میں جاری منصوبوں، ایچ آئی ٹی کی کامیابیوں اور اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف عسکریت پسندوں سے نمٹنے کیلئے ایران کے تعاون کے خواہاں
آرمی چیف نے ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کی مصنوعات اور صلاحیتوں پر اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں سراہا۔
تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خود انحصاری کے حصول اور عالمی معیار کی دفاعی مصنوعات کی تیاری میں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی کوششوں کو سراہا جن کی ملکی سلامتی کو موجودہ صورتحال میں شدید ضرورت ہے۔
دفاع کو مضبوط بنانے اور آپریشنل تیاریوں کی ضرورت کا اعادہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ہماری دفاعی تیاری اور آپریشنل تیاری، امن کو یقینی بنانے کے لیے ہے۔ تاہم آرمی چیف نے کہا کہ اگر ہمیں اشتعال دلایا گیا تو ہم جواب دیں گے اور اپنی پوری طاقت سے جواب دیں گے۔